غازی آباد :بی جے پی ایم ایل اے کی جوس بیچنے والے مسلم دکانداروں کودھمکی
نند کشور گرجر نے لونی میں جوس کے دکانداروں سے کہا - دہلی میں بیچیں،لائسنس دکھائیں نہیں دو دن میںدکان خالی کریں
نئی دہلی ،19 ستمبر :۔
دہلی سے ملحق غازی آباد کے لونی میں حال ہی میں جوس میں پیشاب ملا کر پلانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ہندو شدت پسند مسلمانوں کے خلاف سر گرم ہو گئے ہیں ۔خاص طور پر جوس بیچ کر اپنا گزر بسر کر رہے مسلمانوں کو ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے اور جبرا دکانیں خالی کرائی جا رہی ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے ہندو شدت پسندوں کا گروپ علاقے میں مسلم دکانداروں کو دھمکی دے رہے ہیں اور دکانیں بند کروا رہے ہیں ۔آج لونی کے ایم ایل اے نند کشور گرجر کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ لونی میں جوس کی دکان پر پہنچے اور دکانداروں کو الٹی میٹم دیا۔ لونی کے ایم ایل اے نند کشور گرجر نے دو دن میں دکان خالی کرنے کی وارننگ دی ہے۔ ایم ایل اے نے دکانداروں کو دہلی جا کر جوس بیچنے کی ہدایت دی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی ایم ایل اے ایک دکاندار سے لائسنس نہ ہونے پر دکان بند کرنے یا دہلی میں جا کر جوس بیچنے کی ہدایت دے رہے ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمہارے رشتہ داروں نے جوس میں پیشاب ملا کر پلا رہا تھا وہ پکڑا گیاہے۔اس لئے بغیر لائسنس دکان بالکل نہیں کھلنی چاہئے۔انہوں نے دھمکی دی کہ دو دن میں دکان خالی کرو۔ اس دوران ان کے ساتھ ہندوؤں کا ایک گروپ تھا جو دکانوں پر جا کر دھمکی دے رہا تھا اور مسلمانوں کے خلاف نازیبا تبصرہ کر رہا تھا،۔
رپورٹ کے مطابق لونی کی اندرا پوری کالونی میں جوس میں پیشاب ملانے کی خبر کے بعد مقامی لوگوں نے شانتی نگر نمبر 2 اور بلرام نگر میں کھلی جوس کی دکانوں کو زبردستی بند کروا دیا۔ شانتی نگر کالونی کے کونسلر ستیندر نے بتایا کہ اندرا پوری کالونی واقعہ کے بعد وہ اور کالونی کے لوگ دوسری دکانوں پر پہنچے۔ انہوں نے شانتی نگر نمبر دو اور بلرام نگر کی دکانوں کا دورہ کیا۔ یہ جوس بیچنے والے اپنے نام بدل کر جوس بھیج رہے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لونی میں کھانے پینے کی اشیاء میں بڑی مقدار میں ملاوٹ کی جارہی ہے۔ ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔