عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت پھر ملتوی،اگلی سماعت31 جنوری کو
نئی دہلی،24 جنوری :۔
دہلی فسادات سے متعلق مقدمات کے سلسلے میں ایک لمبے عرصے سے جیل میں قید طالب علم رہنما عمر خالد کی درخواست ضمانت پر سماعت ایک مرتبہ پھر ملتوی ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب سپریم کورٹ میں اس معاملہ پر 31 جنوری کو سماعت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سینئر وکیل سی یو سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ وہ سماعت کے لیے تیار تھے لیکن عدالت کی بنچ صرف ایک بجے تک ہی بیٹھنی تھی۔ ایسے حالات میں اس کیس کی سماعت کے لیے وقت نہیں مل سکا۔
انہوں نے کہا، ’’اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 31 جنوری کو کرنے کو کہا ہے تاکہ کیس کی سماعت کا وقت ہو۔‘‘ خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت 10 جنوری کو ہونی تھی۔ تاہم یہ سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ طالب علم رہنما اور سماجی کارکن عمر خالد ستمبر 2020 سے جیل میں قید ہیں۔ ان پر فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں تشدد بھڑکانے کا الزام ہے۔ ان کے خلاف دہلی پولیس کی جانب سے دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔