عمر خالد کی جیل میں پانچویں سالگرہ پر معروف شخصیات نے مبارکباد اور یکجہتی کا پیغام دیا

نئی دہلی ،13 اگست :۔
انسانی حقوق کے کارکنوں، عوامی شخصیات اور جمہوریت حامیوں نے پیر کو جیل میں بند معروف سماجی کارکن ،انسانی حقوق کارکن اور جے این یوکے سابق اسٹوڈنٹ لیڈر عمر خالد کی 38 ویں سالگرہ منائی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عمر خالد کو یکجہتی اور خیر سگالی کے پیغامات بھیجے گئے۔
واضح رہے کہ ظلم کے خلاف مضبوط آواز عمر خالد فی الحال 2020 کے دہلی قتل عام کی سازش کیس کے سلسلے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت دہلی کی تہاڑ جیل میں ہیں جیل میں ان کی آج پانچویں سالگرہ تھی۔ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک پر کئی اہم شخصیات نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پیغامات بھیجے۔
معروف فلمی ادا کارہ سوارا بھاسکر نے اپنے مبارک بادی کے پیغام میں خالد کو "خوف اور غلط معلومات کے وقت ہمت اور استدلال کی آواز” قرار دیا۔ فلم ساز آنند پٹوردھن نے اسی طرح کے جذبات کااظہار کرتے ہوئے انہیں "ہمارے دور کا سیاسی قیدی” قرار دیا۔ مشہور مصنف اروندھتی رائے نے ایک پوسٹ میں خالد کو ایک "نڈر کارکن اور اسکالر” کہا، انہوں نے لکھا، "سالگرہ مبارک ہو پیارے عمر خالد، مضبوط رہو، ہم ہمیشہ تمہارے ساتھ ہیں۔”معروف دانشور ایکٹوسٹ ہرش مندر نے خالد کے ساتھ ایک پرانی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’ہم ایک دن آزادی میں آپ کی سالگرہ منائیں گے۔‘‘ مزاح نگار اور طنز نگار کنال کامرا نے کہا۔”برتھ ڈے مبارک ہو عمر، آپ سب سے زیادہ لچکدار، نڈر اور مہربان انسان ہیں جن کو جاننے کا مجھے نصیب ہوا ہے۔ تبدیلی ناگزیر ہے اور ہم اسے مل کر دیکھیں گے۔ اپنی سالگرہ کا لطف اٹھائیں،،” ایوارڈ یافتہ اداکار پرکاش راج نے کہا: "پیارے عمر… ہم آپ کو آپ کے برتھ ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے بہت خوش ہیں، اگر وہ ایک پرندے کو بھی پنجرے میں رکھیں تو وہ آزادی کا گیت گاتا رہے گا۔ آپ ہمارے لیے وہی رہے ہیں۔ ان مشکل وقتوں میں آپ کی حوصلہ افزائی کے لیے آپ کا شکریہ۔ آپ ہمارے ہیرو ہیں… مجھے یقین ہے کہ ہم آپ کو جنم دن کی خوشی میں جلد دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ عمر خالد، سابق "یونائیٹڈ اگینسٹ ہیٹ” مہم کا ایک رکن، ستمبر 2020 سے زیر حراست ہیں۔ ان کی ضمانت کی درخواستیں بار بار مسترد ہو چکی ہیں، اور حقوق کے گروپوں نے اس کی حراست کو "سزا کے طور پر ایک عمل” کی مثال قرار دیا ہے۔