علی گڑھ مسلم یونیور سٹی میں دیر رات طلباء کے دوگروپوں میں تصادم ،فائرنگ میں تین زخمی  

نئی دہلی ،03اکتوبر :۔

علی گڑھ مسلم یونیور سٹی میں گزشتہ روز پیر کی دیر رات طلباء ک دو گروپوں  میں تصادم میں ہوگیا ،تصادم کے دوران فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں جس میں تین طلباء زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس  گروپ تصادم میں ہومیوپیتھک ڈاکٹر سمیت تین افراد کو گولیاں لگیں۔ سبھی میڈیکل کالج میں زیر علاج ہیں۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پراکٹر پروفیسر وسیم احمد، پروکٹوریل ٹیم اور سول لائنز پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

معلومات کے مطابق، رات تقریباً 11 بجے کچھ طالب علم اے ایم یو کے وی ایم ہال کے پاس بیٹھے تھے۔ اس کے بعد ایک گروپ کے کچھ لوگ وہاں آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔ ان تمام لوگوں نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے۔ اس کے بعد کیمپس میں بھگدڑ مچ گئی۔ اس کے بعد دوسرے گروپ کے لوگ بھی وہاں پہنچ گئے اور لڑائی بڑھ گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس لڑائی میں کئی راؤنڈ گولیاں چلائی گئیں۔

یونیورسٹی کیمپس میں لڑائی کی اطلاع ملتے ہی طلبہ کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی اور ہنگامہ کیا۔ یونیورسٹی کے پراکٹر پروفیسروسیم احمد نے ہنگامہ آرائی کرنے والے طلباء کو پرسکون کیا اور ملزم طلباء کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد طلبہ نے ہنگامہ آرائی روک دی۔

واقعہ کے بعد سول لائنز پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کی شناخت کے لیے کیمپس اور اس کے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ شروع کردی۔ پولیس نے طلباء کو ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔