علی گڑھ :مسجد کی دیوار پر شرپسندوں نے لکھاجے شری رام،ماحول خراب کرنے کی کوشش
فرقہ وارانہ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے شکایت ملنے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے دیوار پر پینٹ کرا یا،
نئی دہلی ،25دسمبر :۔
اتر پردیش کی ریاست کا علی گڑھ ضلع انتہائی حساس مانا جاتا ہے ، علی گڑھ مسلم یونیور سٹی کی وجہ سے یہ پوری دنیا میں مشہور ہے ،یہاں کا ماحول ہمیشہ بھائی چارہ کا رہا ہے مگر یوپی میں یوگی حکومت کے آنے کے بعد فرقہ وارانہ سر گرمیاں بڑھ گئی ہیں ،فرقہ پرست اور شر پسند آئے دن یہاں کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔تازہ معاملہ ایک مسجد پر جے شری رام کا نعرہ لکھے جانے کا ہے ۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دیوار پر پینٹ کرا کر معاملہ رفع دفع کیا۔واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق شرپسندوں نے ماحول خراب کرنے کے لیے مسجد کی دیوار پر مذہبی نعرے لکھے، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔
گزشتہ ہفتہ کی دیر رات پولیس اسٹیشن دہلی گیٹ علاقے میں شر پسندوں نے مسجد کی دیوار پر جئے شری رام کا نعرہ لکھا تھا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مسجد کے قریب ایک بھیڑ جمع ہو گئی اور مسجد کے پاس جمع لوگوں کے کارروائی کا مطالبہ شروع کر دیا۔جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے ہجوم کو پرسکون کرکے مسجد کی دیوار پر لکھا جئے شری رام کو مٹا دیا۔
اس واقعہ کے بعد اتوار کو ایس پی میٹروپولیٹن منسٹر منوج یادو اور دیگر عہدیدار ایس پی سٹی کے دفتر پہنچے اور ایس پی سٹی مریگانک شیکھر پاٹھک کو میمورنڈم سونپ کر ملزمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔منوج یادو کا کہنا ہے کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ اگر 2 دن میں ان لوگوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ہڑتال پر بیٹھوں گا۔