عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو بڑی راحت،عدالت سے رہائی کا فرمان

نئی دہلی،14 نومبر :۔

دہلی وقف بورڈ سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں جیل میں قید عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو آج بڑی راحت ملی ۔ عدالت نے ان کی رہائی کا فرمان جاری کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق دہلی کی  راؤز ایونیو کورٹ نے  ان کی رہائی کا حکم جاری کرتے ہوئے یہ قرار دیا کہ ان کے خلاف کارروائی کے لیے مناسب منظوری حاصل نہیں کی گئی تھی۔ اس فیصلے کے بعد امانت اللہ خان کے جیل سے باہر آنے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق راؤز ایونیو کورٹ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے دائر کی گئی سپلیمنٹری چارج شیٹ کو تسلیم کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ ای ڈی نے امانت اللہ خان کے خلاف اضافی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ عدالت نے یہ بھی تبصرہ کیا ہے کہ کیس میں خان کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں، تاہم مناسب منظوری کے بعد ہی عدالت اس معاملے پر غور کر سکتی ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ امانت اللہ خان پر دہلی وقف بورڈ میں بھرتیوں کے ذریعے رقم حاصل کرنے، اور اپنے قریبی افراد کے نام پر جائیداد خریدنے کے الزامات ہیں۔ ان پر 2018 سے 2022 تک دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے وقف املاک کو لیز پر دے کر مالی فائدہ حاصل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔اس کیس میں ای ڈی نے مریم صدیقی کو بھی شریک ملزم بنایا تھا، مگر عدالت نے اس بات کا ذکر کیا کہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے۔