عام آدمی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے دہلی کی انتخابی مہم میں یوگی آدتیہ ناتھ کے حصہ لینے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا
نئی دہلی، فروری 02— دہلی میں بی جے پی کے انتخابی جلسوں میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے متنازعہ تبصرہ کا سنجیدہ نوٹ لیتے ہوئے حکمران عام آدمی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے یوگی کے شہر میں انتخابی مہم چلانے پر پابندی لگائے۔
پارٹی کے رہنما اور راجیہ سبھا کے ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے اتوار کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا "شرپسند افراد دن میں گولی چلا رہے ہیں اور بی جے پی کے وزیر اعلی ”بولی اور گولی” کی زبان بول رہے ہیں۔”
وزیر اعلی کیجریوال کو پاکستان سے جوڑنے پر یوگی پر حملہ کرتے ہوئے سنگھ نے مطالبہ کیا "یوگی کے انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ انھیں یہ جاننے کے لیے گرفتار کیا جانا چاہیے کہ وہ کس بنیاد پر یہ کہہ رہے ہیں کہ دہلی کے وزیراعلیٰ کے پاکستان کے ساتھ روابط ہیں۔”
دہلی میں پچھلے دو دنوں میں فائرنگ کے دو واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے اے اے پی رہنما نے الزام لگایا "بی جے پی قائدین اشتعال انگیز تقریر کرتے ہی ، جس کے بعد لوگ نکل آتے ہیں اور سڑکوں پر بندوق لہراتے ہیں اور پولیس خاموش تماشائی بن کر کھڑی رہتی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ کے علاوہ کسی نے بھی پولیس کو کام کرنے سے نہیں روکا ہے۔”
واضح رہے کہ جامعہ ملیہ میں 30 جنوری کو ایک مسلح ہندو دائیں بازو کے نوجوان نے سی اے اے مخالف مظاہرین پر فائرنگ کی تھی جبکہ یکم فروری کو شاہین باغ میں ایک اور بندوق بردار نے سی اے اے مخالف مظاہرین پر فائرنگ کی تھی۔
اے اے پی نے الزام لگایا ہے کہ انھوں نے دو دن قبل الیکشن کمیشن سے ملنے کی درخواست کی تھی لیکن وہ تاحال جواب کے منتظر ہیں۔
”ہم نے کل (جمعہ، 31 جنوری) سے ایک دن قبل الیکشن کمیشن سے ملنے کی درخواست کی تھی۔ لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ ای سی نے ابھی وقت نہیں دیا ہے”۔ سنگھ نے اتوار کی سہ پہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر پیر کے روز 12 بجے تک الیکشن کمیشن نے پارٹی کو وقت نہیں دیا تو پارٹی قائدین الیکشن کمیشن ہیڈ کوارٹر کے سامنے دھرنا دیں گے۔
عام آدمی پارٹی کے ایک اور رہنما اور امیدوار راگھو چڈھا نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلی مایوس ہو کر اروند کیجریوال کے لیے گالی والی زبان استعمال کررہے ہیں۔