
عازمینِ حج میں مختلف زبانوں میں ترجمہ شدہ قرآن کریم کے 10 لاکھ نسخے تقسیم
مدینہ منورہ ،04 جون :۔
مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے مسلمان حج کی ادائیگی کے لئے موجود ہیں ۔آج سے مناسک حج کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو گیاہے تمام حجاج کرام منی روانہ ہو چکے ہیں دریں اثنا حکومت اور انتظایہ اس عظیم اجتماع کے دوران حج اور کے علاوہ دیگر امور کو انجام دیتی ہے جس میں اسلام کی تبلیغ و تشہیر کے لئے قرآن کریم کی تقسیم بھی جاری ہے ۔مسجدِ حرام اور مسجدِ نبویﷺ کے دینی امور کی اعلیٰ انتظامیہ نے حج کے آغاز سے اب تک عازمین حج میں قرآنِ کریم کے 10 لاکھ سے زیادہ نسخے تقسیم کیے ہیں۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق یہ نسخے مختلف زبانوں میں ترجمے کے ساتھ ہیں۔ اس اقدام کا مقصد حجاجِ بیت اللہ کو قرآنِ کریم کی ہدایات سے روشناس کروانا اور ان کے ایمانی تجربے کو مؤثر بنانا ہے۔ یہ خدمت "ہدیہ مصاحف” نامی مہم کے تحت انجام دی گئی، جو حجاجِ کرام کو قرآنِ کریم اور اس کے عالمی زبانوں میں ترجمہ شدہ نسخے بطور تحفہ پیش کرنے سے متعلق ہے۔
حرمین شریفین کے دینی امور کی انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن السدیس نے اس موقع پر زور دیا کہ سعودی عرب کی قیادت قرآنِ کریم کی خدمت اور اس کے علوم کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے، اور عالمی سطح پر قرآنِ کریم کے پیغام کو عام کرنے، نیز روا داری، اعتدال اور میانہ روی کی قدروں کو راسخ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین اور ان کے زائرین کی خدمت سعودی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے، اور اس کی بے مثال توجہ و نگہداشت کی جھلک حرمین، حجاج، معتمرین اور زائرین کو فراہم کی جانے والی مادی و روحانی سہولتوں میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ اس حوالے سے عبادات و مناسک کی ادائیگی کو نہایت آسان، آرام دہ اور با مقصد بنا دیا ہے، اور فراہم کردہ خدمات کو معیار اور امتیاز کی بلند سطح پر پہنچا دیا ہے۔