شوبھا یاترا میں بغیر اجازت ڈی جے ساؤنڈ کا استعمال، راجہ سنگھ کے خلاف مقدمہ درج

نئی دہلی ،حیدرآباد۔9 ، اپریل :۔
بی جے پی کے گوشہ محل حلقہ سے شدت پسند اور مسلمانوں کے خلاف شدید نفرت انگیز اور اشتعال انگیز تقاریر کے لئے معروف رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیاہے۔ یہ کارروائی 6 اپریل کو منعقدہ رام نومی شوبھایاترا کے دوران بغیر اجازت ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کے استعمال پر کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق منگل ہاٹ پولیس کے مطابق، ایم ایل اے راجہ سنگھ کے علاوہ دو دیگر افراد پر بھی کیس درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کے دوران مقررہ حدود سے تجاوز کرتے ہوئے انتہائی بلند آواز میں ڈی جے بجایا گیا، جس کے لیے منتظمین نے کسی بھی قسم کی پیشگی اجازت نہیں لی تھی۔ایف آئی آر میں یہ بھی درج کیا گیا ہے کہ جلوس کے دوران راجہ سنگھ سمیت بعض قائدین نے پولیس عہدیداروں کے ساتھ نازیبا اور توہین آمیز زبان استعمال کی۔ اس معاملے میں بی جے پی کے سابق وزیر آنند سنگھ اور پارلیمانی امیدوار بھگونت راؤ کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ شوبھا یاترا کے منتظمین نے صوتی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی، جس کی وجہ سے عام شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔