شاہین گروپ کی جانب سے نیٹ کا امتحان دینے والے طلبا کے لیےپانچ کروڑ روپے کی اسکالر شپ کا اعلان

نئی دہلی، 30اکتوبر۔ شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کے طلبا کی اس سال نیٹ کے امتحان میں شان دار کارکردگی اور ملکی سطح پر اعلی رینک حاصل کرنے نیز 400 طلبا کے ذریعے امتحان میں نمایاں کامیابی کے بعد گروپ کے چیئرمین نے معاشی طور پر کم زور طلبا کے لیے 5 کروڑ روپے کی اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے۔

شاہین گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر نے آج نئی دلی میں پریس کلب آف انڈیا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہین گروپ کی تاریخ ساز کامیابی کے ساتھ گذشتہ 10سال میں 1900 سے زائد طلبا میڈیکل کے امتحان کامیاب کرکے ڈاکٹربن چکے ہیں۔ انھوں نے اس موقع پر نیٹ کی تیاری کے لیے ملک گیر سطح پر شاہین گروپ کے 40 مراکز کے طلبا کے لیے 5 کروڑ روپے کی اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ جن طلبا کے والد کورونا سے متاثر ہوکر انتقال کرگئے ہیں انھیں صد فیصد رعایت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سال شاہین گروپ کے دو طلبا کارتک ریڈی اور محمد ارباز احمد نے ملکی سطح پر نیٹ میں بالترتیب نواں اور 85 واں مقام حاصل کیا ہے۔

اس پریس کانفرنس میں مذکورہ دونوں طلبا بھی موجود تھے جنھوں نے شاہین گروپ کے ساتھ اپنے تجربے بیان کیے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا ” شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے وہ طلبا جن کی لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی حالات کمزور ہوگئی ہو اور کرونا وبا کے باعث ان کی پڑھائی متاثر ہوئی ہو ، اور وہ وہ نیٹ امتحان پاس نہ کرسکے ہوں ایسے طلبا کے لیے نیٹ کے مارکس کی بنیاد پر خصوصی اسکالر شپ کی پیش کش ہے تاکہ وہ یکسوئی سے پڑھائی کرکے نمایاں کامیابی حاصل کریں ۔”

ڈاکٹر عبدالقدیر نے مزید کہا کہ جو طلبا نیٹ میں رینک حاصل کرنے کے بعد ایم بی بی ایس میں داخلے، کالج کے انتخاب ، نشستوں کے انتخاب اور داخلوں کے سلسلے میں الجھن کا شکار ہون ان کے لیے شاہین کی جانب سےنیٹ کے کونسلروں کے ذریعہ مفت کونسلنگ اور مینٹرشپ فراہم کی جارہی ہے۔

جو طلبا اسکالرشپ اور مینٹرشپ میں دل چسپی رکھتے ہوں وہ شاہین کی سائٹ https://shaheengroup.org پر جاکر اپنا رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔