سی اے اے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے، احتجاج کرنے والے جاری رکھ سکتے ہیں احتجاج: امت شاہ

لکھنؤ، جنوری 21— مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کے لیے اپوزیشن پر حملہ کرتے ہوئے کہا وہ چاہے جتنا احتجاج کر لیں مودی حکومت سی اے اے پر پیچھے نہیں ہٹے گی۔ شاہ نے یہ بیان اتر پردیش میں ایک ریلی میں دیا جہاں گذشتہ ماہ سی اے اے کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں 20 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے۔

شاہ نے راہل گاندھی، مایاوتی، ممتا بنرجی اور اکھلیش یادو کو سی اے اے پر عوامی مباحثے کی ہمت کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ صرف ووٹ بینک کی سیاست کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا "ہمیں اپوزیشن کی پرواہ نہیں ہے کیونکہ ہم اپوزیشن کی پرورش کر رہے ہیں۔”

لکھنؤ میں سی اے اے کے حمایت میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ تقسیم کے وقت پاکستان میں 23 فی صد اقلیتیں تھیں، جن میں ہندو، بدھسٹ، سکھ اور عیسائی شامل تھے لیکن آج یہ تعداد کم ہو کر صرف تین فی صد رہ گئی ہے۔

شاہ نے پوچھا کہ "وہ کہاں چلے گئے ہیں؟ وہ یا تو مارے گئے یا پھر تبدیل ہوگئے یا ہندوستان بھاگ آئے۔ ان میں سے بہت سے لوگ اپنے محلاتی مکانات پاکستان میں چھوڑ کر یہاں جھونپڑیوں میں رہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نہ صرف انہیں مکانات بلکہ روزگار اور بہتر زندگی بھی دے رہے ہیں۔ کیا یہ غلط ہے؟”

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں دلتوں پر تشدد کیا جارہا تھا جہاں بدھ کے سب سے قدیم مجسمے کو توڑا گیا تھا۔ مایاوتی اس پر خاموش کیوں ہیں حالانکہ وہ دعوی کرتی ہیں کہ وہ دلتوں کی سرپرست ہیں؟

شاہ نے کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو پر طنز کیا اور ان پر الزام عائد کیا کہ وہ محض مخالفت کی خاطر مخالفت کررہے ہیں۔

شاہ نے مزید کہا "یہ کانگریس ہی ہندوستان کے دو” ٹکڑے "بنانے کے لیے ذمہ دار ہے۔”

انھوں نے کہا "کیا ان رہنماؤں نے تاریخ پڑھی ہے؟ کیا وہ جانتے ہیں کہ گاندھی جی نے خود کہا تھا کہ اگر ہندوؤں کو پاکستان میں غیر محفوظ محسوس ہوتا ہے تو ہندوستان کو انھیں شہریت دینی چاہیے۔ یہ رہنما بات کرتے ہیں لیکن کبھی مطالعہ نہیں کرتے ہیں۔”

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر تنقید کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ مہاجرین میں ایک دلت بنگالی خاندان بھی شامل ہے جس کو شہریت دی گئی ہے۔ اور وہ اب بھی سی اے اے کی مخالفت کر رہی ہیں۔

اس سے قبل اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریلی شاہ کا خیرمقدم کیا اور اپوزیشن پر سخت حملہ کیا اور ان پر ملک کے ”چیر-ہرن” کا الزام لگایا۔

لکھنؤ میں ”NO CAA/NRC” کا نعرہ لکھے ہوئے سیاہ پتنگ بازی کرنے والے بچوں سمیت ایک درجن افراد گرفتار

منگل کے روز لکھنؤ میں کالا پتنگ اڑانے کے الزام میں بچوں سمیت تقریبا ایک درجن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت ہوا جب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ یہاں بنگلہ بازار کے علاقے میں سی اے اے کے حمایت میں ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ پوش مال ایوینیو کے علاقے میں ایک درجن سے زائد افراد کو کالی پتنگیں اڑاتے دیکھا گیا۔

پولیس کو اطلاع ملتے ہی وہ موقع پر پہنچ گئے اور پتنگوں کو نیچے اتارا۔ ان میں سے کچھ پتنگ بازی کرتے ہوئے لوگ بھاگ گئے لیکن کچھ کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس نے ملزمان سے "No CAA، NRC” لکھے ہوئی بھاری مقدار میں سیاہ پتنگیں بھی برآمد کیں۔