‘سی اے اے مناسب وقت پر لاگو کیا جائے گا’: امت شاہ
نئی دہلی ،16دسمبر :۔
ایک بار پھر سی اے اے کا جن بوتل سے باہر آ گیا ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) ملک کا قانون ہے اور اسے مناسب وقت پر لاگو کیا جائے گا۔ وہ پروگرام ’’ایجنڈا آج تک‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایجنڈا آج تک پر راہل کنول سے گفتگو کے دوران کہا کہ "سی اے اے ملک کا قانون ہے۔ یہ ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں اور دیگر چھ مذہبی اقلیتوں کے ساتھ انصاف کرنے کا ایک آلہ ہے جو پاکستان، بنگلہ دیش اور مذکور دیگر ممالک میں مذہبی طور پر ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ میں ملک کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ سی اے اے ملک کا قانون ہے، اور اسے ضرور لاگو کیا جائے گا۔ سی اے اے کسی کی شہریت نہیں چھینے گا۔
انہوں نے کہا کہ”بھارت میں اقلیتوں اور خاص طور پر مسلمانوں کے درمیان جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا کہ CAA ان کی شہریت چھین لے گا۔ سی اے اے کے ذریعہ کسی کی شہریت منسوخ نہیں کی جاتی ہے۔ سی اے اے کسی کی شہریت چھیننے کا قانون نہیں ہے۔ یہ ایک قانون ہے جو شہریت دیتا ہے۔
سی اے اے کب نافذ کیا جائے گا کے سوال پر انہوں نے کہا کہ "آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ یہ کب نافذ ہوگا۔ آپ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اسے مناسب وقت پر نافذ کیا جائے گا، اور یقینی طور پر اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سی اے اے کو 11 دسمبر 2019 کو پارلیمنٹ نے پاس کیا تھا اور اگلے دن صدارتی منظوری مل گئی تھی۔ سی اے اے کے خلاف 2019 میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا تھا ۔ملک کی تقریباً تمام ریاستوں میں مسلمانوں نے خاص طور پر سی اے اے کے خلاف احتجاج کیا تھا ۔شاہین باغ اور جامعہ نگر میں ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک احتجاج جاری رہا ۔