سی آر پی ایف اہلکارموتی رام جاٹ پاکستان کے لئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار

2023 سے پاکستانی انٹیلی جنس افسران کے ساتھ قومی سلامتی سے متعلق خفیہ معلومات کا تبادلہ کر رہا تھا

نئی دہلی ،26 مئی :۔

یوٹیوبر جیوتی ملہوترا کے بعد اب ایک اور پاکستان جاسوس کو گرفتار کیا گیا ہے ۔قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے سی آر پی ایف کے ایک اہلکار کو مبینہ طور پر پاکستان کے انٹیلی جنس افسران کے ساتھ حساس معلومات شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔  انسداد دہشت گردی ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ موتی رام جاٹ پاکستان کے لیے جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور 2023 سے پاکستانی انٹیلی جنس افسران کے ساتھ قومی سلامتی سے متعلق خفیہ معلومات کا تبادلہ کر رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم موتی رام جاٹ جاسوسی کی سرگرمیوں میں سرگرمی سے ملوث تھا اور 2023 سے پاکستان انٹیلی جنس افسران (PIOs) کے ساتھ قومی سلامتی سے متعلق خفیہ معلومات کا اشتراک کر رہا تھا۔ ایجنسی کو مزید پتہ چلا ہے کہ وہ  پی آئی او سے مختلف راستوں کے ذریعے فنڈز حاصل کر رہا تھا، ۔ موتی رام جاٹ کو 6 جون تک این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔

این آئی اے، جس نے موتی رام کو دہلی سے پکڑا اور گرفتار کیا تھا، ملزم سے پوچھ گچھ جاری رکھے ہوئے ہے، جسے پٹیالہ ہاؤس کورٹس کی خصوصی عدالت نے 6 جون تک ایجنسی کی تحویل میں دے دیا  ۔” این آئی اے کا یہ اقدام پہلگام دہشت گردانہ حملے پر پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے مسلح تصادم کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں کی تخریبی سرگرمیوں کی سخت نگرانی کے درمیان آیا ہے۔

اس ماہ، پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش سے کم از کم 12 افراد کو جاسوسی کے الزام میں  پندرہ دن کے دوران گرفتار کیا گیا ہے، جن کی تحقیقات شمالی ہندوستان میں کام کرنے والے مبینہ پاکستان سے منسلک جاسوسی نیٹ ورک کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔