سیکورٹی ایجنسیوں کو آن لائن’ملک مخالف‘ مواد کی نگرانی کی ہدایت

نئی دہلی ،09 جولائی :۔
مرکزی حکومت نے سیکورٹی ایجنسیوں کو آن لائن پلیٹ فارموں پر ملک مخالف مواد کی نگرانی کی ہدایت دی ہے ۔وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کی اطلاع کے مطابق این آئی اے اور دیگر ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آن لائن مواد کی نگرانی کریں جو قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں ، اور یہ کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اپنے میکانزم کے ذریعے ملک مخالف پوسٹس کو ٹریک کرنے اور ان پر روک لگانے کے پابند ہوں گے، جبکہ حکومت کو ایسے اکاؤنٹس کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی اطلاع بھی دیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، متعدد سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے ایک مشترکہ پہل پہلے ہی وزارت داخلہ، وزارت قانون و انصاف، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی وزارت کے کئی سینئر حکام کے ساتھ چل رہی ہے، اور وزارت مواصلات نے پہلے ہی متعدد اعلیٰ سطحی میٹنگیں کی ہیں تاکہ ایک مربوط جواب تیار کیا جا سکے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ نئی مجوزہ مشترکہ پالیسی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اپنے میکانزم کے ذریعے ملک مخالف مواد کی نگرانی اور روک تھام کا پابند بنائے گی اور وہ ایسے مواد کو پھیلانے والے اکاؤنٹس کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں حکومت کو رپورٹ کرنے کا ذمہ دار بنائے گی۔
نئی ہدایت اس وقت سامنے آئی جب ایکس نے ہندوستان میں پریس سنسرشپ پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت کے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے حکم کے بعد، ہندوستانی حکومت کی جانب سے ایکس کو کسی بھی قسم کی قانونی درخواست کرنے سے انکار کر دیا۔
گزشتہ روز نگل کو ایکس نے دعوی کیا کہ 3 جولائی کو بھارتی حکومت نے قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے، بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ کی دفعہ 69A کے تحت 2,355 اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا حکم دیا۔
ایکس نے یہ بھی الزام لگایا کہ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے بغیر کوئی جواز پیش کیے ایک گھنٹے کے اندر ان اکاؤنٹس کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔
حالانکہ ایکس کے اس دعوے کی متعلقہ وزارت نے تردید کی ہے ۔الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ترجمان نے کہا کہ اس نے "کوئی تازہ بلاکنگ آرڈر جاری نہیں کیا ہے” اور "رائٹرز اور رائٹرز ورلڈ سمیت کسی بھی ممتاز بین الاقوامی نیوز چینل کو بلاک کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ مئی میں، پہلگام حملے کے بعد، بھارتی حکومت نے ایکس کو 8000 سے زائد اکاؤنٹس بلاک کرنے کی ہدایت کی، جن میں بین الاقوامی خبر رساں اداروں اور بھارتی پلیٹ فارمز جیسے دی وائر، فری پریس کشمیر، دی کشمیریت، اور مکتوب میڈیا شامل ہیں، ان پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے اور ملک مخالف پروپیگنڈہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کو بلاک کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی، اس اقدام پر ایکس نے اس وقت اعتراض بھی کیا تھا۔
2022 میں، انٹرنیٹ پر نظر رکھنے والے ادارے ایکسس ناؤ نے ایک رپورٹ شائع کی جس میں کہا گیا تھا کہ مسلسل پانچ سالوں سے ہندوستان ان ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہے جہاں سب سے زیادہ مواصلاتی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔