سید سعادت اللہ حسینی دوبارہ جماعت اسلامی ہند کے امیر منتخب
نئی دہلی،29اپریل:۔
ملک کی معروف اور متحرک تنظیم جماعت اسلامی ہند کے امیر کے انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ جس میں موجودہ امیر سید سعادت اللہ حسینی کو دوبارہ جماعت اسلامی ہند کا امیر (قومی صدر) منتخب کر لیا گیا ہے۔ انہیں جماعت کی 162 رکنی مرکزی مجلس نمائندگان (کونسل آف نمائندگان) نے منتخب کیا ۔ اطلاعات کے مطابق، 162 رکنی جماعت کی اعلیٰ اختیاراتی باڈی مجلس نمائندگان نے انہیں نئی مدت اپریل 2023 تا مارچ 2027 چار سال کیلئے دوبارہ منتخب کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس نمائندگان کا اجلاس 26 اپریل سے دہلی میں جاری ہے جو 30 تک چلے گا ، اجلاس کا آج چوتھا دن ہے۔واضح رہے کہ اس بار جماعت کے اختیاراتی باڈی162رکنی مجلس نمائندگان میں36خواتین بھی شامل ہیں۔
جماعت کی مرکزی مجلس نمائندگان نے مختلف پہلووں پر غور کیا اور سید سعادت اللہ حسینی کو اپریل 2023 سے مارچ 2027 تک چار سالہ مدت کے لیے دوبارہ منتخب کیا۔ انہوں نے بطور امیر اپنی پہلی مدت 23-2019 تک مکمل کی۔
واضح رہے کہ سید سعادت اللہ حسینی 1973 میں تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع میں پیدا ہوئے۔انہوں نے الیکٹرانکس اور ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے۔وہ ایک مفکر، ادیب اور سماجی رہنما ہیں۔ وہ زمانہ طالب علمی سے ہی سماجی کارکن کے طور پر سر گرم رہے ہیں۔وہ جماعت کی طلبہ تنظیم – اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) آف انڈیا کے مسلسل دو مرتبہ (1999 سے 2003) کے قومی صدربھی رہے۔انہوں نےجی آئی ایچ کے نائب صدر اور اس کی مرکزی مشاورتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔وہ حیدرآباد، بنگلور، نئی دہلی، علی گڑھ، اور ہندوستان کے دیگر شہروں میں کئی سماجی اور علمی تنظیموں کے بورڈز میں بھی شامل ہیں۔وہ عصری مسائل اور حالات حاضرہ پر مختلف رسائل، جرائد اور اخبارات میں مستقل کالم نگار ہیں۔
سید سعادت اللہ حسینی جماعت کے زیر اہتمام نکلنے والے اردو کے ماہانہ میگزین ”زندگی نو“ کے چیف ایڈیٹر بھی ہیں۔ انہوں نے اردو اور انگریزی زبانوں میں 22 سے زائد کتابیں اور 400 سے زائد مضامین تحریر کئے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ان کی کتابوں اور مضامین میں جن موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے ان میں عصر حاضر میں اسلام کا اطلاق، اسلامی سرگرمی، مسلم اور اقلیتی مسائل، پالیسی سازی، اور فلسفہ، معاشیات، جنس وغیرہ سے متعلق موضوعات شامل ہیں۔