سکریٹری خارجہ وکرم مسری اور اہل خانہ کو ٹرول کئے جانے پر قومی خواتین کمیشن برہم،مذمت کی

نئی دہلی، 12 مئی :۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد سکریٹری خارجہ وکرم مسری اور ان کے اہل خانہ کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا ہے۔دائیں بازو کے نظریات کے حامل افراد مسلسل انہیں ٹرول کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پریشان وکر م مسری نے اپنا ایکس اکاؤنٹ ہی بلاک کر دیا ہے ۔وکر مسری اور اہل خانہ کو سوشل میڈیا پر نازیبا الفاظ سے نوازنے اور بد سلوکی کی ہر طرف مذمت کی جا رہی ہے ۔دریں اثنا قومی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن وجیا رہاٹکر نے بھی اسے قابل مذمت قرار دیا ہے۔
پیر کو ایک بیان میں رہاٹ کر نے کہا کہ قومی کمیشن برائے خواتین کا سکریٹری خارجہ وکرم مسری کے خاندان، خاص طور پر ان کی بیٹی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ اور آن لائن بدسلوکی کی سخت مذمت کرتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ کی بیٹی کے ذاتی رابطے کی تفصیلات شیئر کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ یہ رازداری کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو ان کی حفاظت کو خطرے میں ڈالتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکرم مسری جیسے ملک کے سینئر ترین سرکاری ملازمین کے اہل خانہ پر اس طرح کے ذاتی حملے نہ صرف ناقابل قبول ہیں بلکہ اخلاقی طور پر بھی ناقابل دفاع ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے شائستگی، تہذیب اور تحمل سے پیش آنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جب امریکہ کی ثالثی میں دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کا اعلان کیا تو ملک کو خارجہ سکریٹری نے بتایا کہ دونوں ممالک نے متفقہ طور پر جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کی ہے اور وکرم مسری نے اس دوران جنگ بندی کے اصولوں کی پاسداری کی پاکستان کو تلقین بھی کی تھی ۔ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے ہی ایک شدت پسند گروپ وکرم مسری کے خلاف سر گرم ہو گیا ہے ۔ وہ نہ صرف وکرم مسری کو نشانہ بنا رہا ہے بلکہ سوشل میڈیا پر ان کی بیٹی کو لے کر نازیبا تبصرہ کر رہا ہے۔