سڑکوں پر نہیں ہوگی عیدالاضحیٰ کی نماز ، مقررہ جگہوں پر ہی کی جائے قربانی
عید الاضحیٰ سے قبل یوپی حکومت کا ہدایت نامہ جاری
لکھنؤ،12 جون :۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر اترپردیش حکومت نے انتظامات کو لے کر ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے اعادہ کیا ہے کہ پہلے کی طرح’سڑکوں پرنماز نہیں پڑھی جائے گی اور قربانی بھی صرف مقررہ جگہوں پر ہی ہوگی۔یوپی اقلیتی کمیشن کی ہدایت کے مطابق عیدالاضحیٰ کی نماز سڑکوں پر نہیں ہو سکے گی، قربانی پہلے سے طے شدہ جگہوں پر ہی ہوگی۔ اسی کے ساتھ انتظامیہ سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے
رپورٹ کے مطابق اتر پردیش حکومت نے کہا ہے کہ اس کے ساتھ ہی ممنوعہ جانوروں کی قربانی پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ اس ضمن میں یوپی اقلیتی کمیشن نے ہدایات جاری کی ہیں۔
واضح رہے کہ اتر پردیش سمیت پورے ملک میں 17 جون کو عیدالاضحیٰ کا تہوار ہے۔ اس کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ سڑکوں پر کسی بھی قسم کی نماز نہیں پڑھی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی جانوروں کی قربانی صرف مقررہ جگہوں پر ہوگی۔ اس کے لیے ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اشفاق سیفی نے ضروری کارروائی کے لیے محکمہ داخلہ اور محکمہ شہری ترقی کے پرنسپل سکریٹری کو خط لکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اشفاق سیفی کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اس بار نماز کے لیے سڑکوں پر جگہ نہیں ہوگی۔ مساجد میں مختلف جماعتوں میں نماز ادا کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی پر کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں اور قربانی کی جگہوں کے حوالے سے بھی احکامات دیے گئے ہیں۔