سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس وی راما سبرامنیم قومی انسانی حقوق کمیشن  کے چیئرمین مقرر

نئی دہلی،25 دسمبر :۔

سابق چیف جسٹس آ ف انڈیا کے این ایچ آر سی کا چیئر مین بنائے جانے کی خبروں اور پھر ان کی تردید کے بعد اب تمام قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں ۔ گزشتہ دنوں  صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے  سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس وی راما سبرامنیم کو قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) کا چیئرمین مقرر کیا۔

این ایچ آر سی کے چیئرپرسن جسٹس ارون کمار مشرا کی میعاد یکم جون 2024 کو ختم ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا تھا اور کمیشن کی رکن وجیا بھارتی سیانی قائم مقام چیئرپرسن کا کردار ادا کر رہی تھیں۔

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس وی راما سبرامنیم قومی انسانی حقوق کمیشن (NHRC) کے نئے چیئرمین ہوں گے۔ وہ جون 2023 میں سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔

این ایچ آر سی کے چیئرپرسن کا انتخاب وزیر اعظم کی سربراہی میں ایک کمیٹی کرتا ہے، جس میں لوک سبھا کے اسپیکر، وزیر داخلہ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر اور  راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین بھی شامل ہوتے ہیں۔ این ایچ آر سی کے چیئرپرسن کا عہدہ یکم جون 2024 سے خالی تھا، جب جسٹس (ریٹائرڈ) ارون کمار مشرا نے اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد این ایچ آر سی کی رکن وجئے بھارتی سیانی کمیشن کی قائم مقام چیئرپرسن کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

30 جون 1958 کو پیدا ہوئے جسٹس راما سبرامنیم نے وویکانند کالج، رام کرشنا مشن، چنئی سے کیمسٹری میں گریجویشن کیا اور پھر مدراس لاء کالج سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 16 فروری 1983 کو بار کے ممبر کے طور پر داخلہ لیا اور تقریباً 23 سال تک مدراس ہائی کورٹ میں پریکٹس کی۔

وہ 31 جولائی 2006 کو مدراس ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج اور 9 نومبر 2009 کو مستقل جج کے طور پر تعینات ہوئے۔ 27 اپریل 2016 سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی ریاستوں کے لیے حیدرآباد کے ہائی کورٹ آف جوڈیکیچر میں ان کی اپنی درخواست پر تبادلہ کیا گیا تھا۔

ریاست آندھرا پردیش کے لیے الگ ہائی کورٹ کی تقسیم اور تشکیل کے بعد، انہیں یکم جنوری 2019 سے حیدرآباد میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے جج کے طور پر برقرار رکھا گیا۔انہوں نے 22 جون 2019 کو ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ انہیں 23 ستمبر 2019 کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا اور وہ جون 2023 میں ریٹائر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حالیہ دنوں میں چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدہ سے ریٹائر ہوئے ڈی وائی چندر چوڑ کو مودی حکومت کے ذریعہ این ایچ آر سی کا چیئر مین بنائے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں مگر ڈی وائی چندر چوڑ نے ایسی خبروں کی تردید کی تھی۔