سپریم کورٹ نے ایودھیا فیصلے کی تمام نظرثانی کی عرض داشتوں کو مسترد کردیا
9 نومبر کو سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا تھا کہ بابری مسجد کی ساری کی ساری متنازعہ اراضی رام مندر بنانے کی غرض سے ٹرسٹ کو سونپ دی جائے۔ اس فیصلے پر نظر ثانی کی 18 عرضیوں کو سپریم کورٹ نے آج خارج کردیا۔
سپریم کورٹ نے جمعرات کو اپنے 9 نومبر کے ایودھیا فیصلے پر نظرثانی کی تمام درخواستوں کو مسترد کردیا ۔ مذکورہ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پوری متنازعہ اراضی رام مندر کی تعمیر کے لئے ایک ٹرسٹ کے حوالے کیا جائے اور مسلمانوں کو مسجد کی تعمیر کے لئے پانچ ایکڑ زمین دی جائے۔
چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، اشوک بھوشن ، ایس عبدالنظیر ، اور سنجیو کھنہ پر مشتمل پانچ ججوں کے بنچ نے چیمبر میں اٹھارہ نظرثانی درخواستوں پر غور کیا ۔ جسٹس کھنہ نے پانچ نفری ججوں کے بنچ میں سابق چیف جسٹس رجن گوگوئی کی جگہ لی ہے۔
نظرثانی کی درخواستیں دائر کی تھیں ان میں مولانا سید اشہد رشیدی، اصل مستغیث ایم صدیق کے قانونی وارث اور جمیعت علمائے ہند کے اتر پردیش کے صدر ، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی حمایت میں پانچ عرضی گزار ، اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا اور 40 دیگر افراد ، جن میں ماہر معاشیات پربھات پٹنائک ، مورخ عرفان حبیب اور سابق سرکاری ملازم ہرش مندر شامل تھے۔
ان نظرثانی کی درخواستوں کے رد کیے جانے کے بعد فریقین کی کھلی عدالت میں سماعت کی عرضی بھی ازخود خارج ہوگئی۔
ان اٹھارہ نظرثانی درخواستوں میں سے نو درخواست گزار وہ تھے جو اصل معاملے میں فریق تھے۔ دیگر نو تیسری فریق کے طور پر شامل ہوئے تھے۔ تاہم ، عدالت عظمی نے ان نو کی طرف سے دائر نظرثانی کی درخواستوں کو سننے سے انکار کردیا جو اصل قانونی فریق نہیں تھے۔
نظرثانی کی عرض داشتوں میں کہا گیا تھا کہ وہ عدالت عظمی کے ایودھیا فیصلے سے "سخت رنجیدہ” ہیں کیونکہ یہ "حقائق اور قانون دونوں کی رو سے غلط” ہے۔