سپریم کورٹ میں گودھرا ٹرین آتشزدگی معاملےکی سماعت 6 اور7 مئی کو

نئی دہلی، 24 اپریل :۔

سپریم کورٹ 2002 کے گودھرا ٹرین آتشزدگی کیس کی 6 اور 7 مئی کو سماعت کرے گا۔ یہ حکم جسٹس جے کے مہیشوری کی سربراہی والی بنچ نے دیا۔

عدالت نے اس معاملے کے ایک مجرم کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سنجے ہیگڑے سے کہا کہ وہ 3 مئی تک اس معاملے میں تفصیلی حلف نامہ داخل کریں۔ اس معاملے میں گجرات حکومت کے علاوہ کئی قصورواروں نے گجرات ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ گجرات حکومت نے کہا ہے کہ وہ 11 مجرموں کو سزائے موت دینے کی کوشش کر رہی ہے جن کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 27 فروری 2002 کو ایودھیا سے واپس آنے والی سابرمتی ایکسپریس کی S-6 بوگی میں آگ لگ گئی تھی، جس میں 58 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ سابرمتی ایکسپریس ایودھیا سے کار سیوکوں کو لا رہی تھی۔ گودھرا کے اس واقعہ کے بعد گجرات میں فرقہ وارانہ فسادات ہوئے۔

اس کیس میں ٹرائل کورٹ نے 2011 میں 31 افراد کو مجرم قرار دیا تھا جن میں سے 11 کو سزائے موت اور 20 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس معاملے میں 63 دیگر ملزمان کو بری کر دیا گیا تھا۔ 2017 میں، گجرات ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کی طرف سے سزائے موت پانے والے 11 مجرموں کی سزائے موت کو کم کر کے عمر قید میں بدل دیا تھا اور 20 کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔