سپریم کورٹ جج شیکھر یادو کو برخاست کرے :شاہنواز عالم

نئی دہلی،19 جنوری :۔

کانگریس کے قومی سکریٹری شاہنواز عالم نے کہا ہے کہ اگر فرقہ وارانہ ریمارکس کرنے والے الہ آباد ہائی کورٹ کے جج شیکھر یادو سپریم کورٹ کی سرزنش کے باوجود اپنے ریمارکس پر قائم رہتے ہیں تو سپریم کورٹ کو انہیں برخاست کر دینا چاہیے۔

شاہنواز عالم نے بیان میں کہا کہ اگر شیکھر یادو جیسا جج اپنے فرقہ وارانہ ریمارکس کے باوجود اپنے عہدے پر براجمان رہے تو ملک کے عدالتی نظام کا وقار اور ساکھ تباہ ہو جائے گی۔کانگریس سکریٹری نے کہا کہ اس معاملے پر فرقہ وارانہ تبصرہ کرنے والے جج نہیں ہیں بلکہ چیف جسٹس سنجیو کھنہ اور سپریم کورٹ خود کٹہرے میں آئے ہیں۔

شاہنواز عالم نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ اس معاملے پر سختی نہیں دکھاتی ہے تو عوام میں یہ پیغام جائے گا کہ سنجیو کھنہ اپنے پیشرو چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کے ذریعہ بنائے گئے ایکو سسٹم کو تبدیل کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ آر ایس ایس کے یہ صورتحال عدلیہ اور جمہوریت دونوں کے لیے مہلک ہے۔