سوشل میڈیا پر اسمرتی ایرانی کے خلاف غیر مہذب زبان کے استعمال سے راہل گاندھی نے روکا
امیٹھی سے لوک سبھا الیکشن ہارنے کے بعد اسمرتی ایرانی مسلسل تنقیدوں کی زد میں ہیں ،کانگریسی کارکنان سے راہل گاندھی کی اپیل
نئی دہلی ،13 جولائی :۔
حالیہ لوک سبھا الیکشن میں امیٹھی سے اسمرتی ایرانی کی شکست کے بعد مسلسل ان پر لوگوں کی تنقید جاری ہے۔ خاص طور پر سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں ممبر پارلیمنٹ کے لئے الاٹ بنگلہ خالی کرنے کے بعد اسمرتی ایرانی کے خلاف سوشل میڈیا پر غیر مہذب زبان کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے جس پر راہل گاندھی نے ایک خاص اپیل کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور رائے بریلی سےرکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر اسمرتی ایرانی کے خلاف غیر مہذہب الفاظ استعمال کرنے والوں کو اس سے روکا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ زندگی میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، کسی کے خلاف غیر مہذب زبان کا استعمال کرنا طاقت کی نہیں بلکہ کمزوری کی علامت ہے۔ راہل گاندھی نے یہ ہدایت سوشل میڈیا کے ذریعے دی ہے۔
اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’زندگی میں جیت اور ہار ہوتی رہتی ہے۔ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ محترمہ اسمرتی ایرانی یا کسی بھی دوسرے لیڈر کے لیے توہین آمیز اور غیر مہذب زبان استعمال کرنے سے گریز کریں۔ لوگوں کی تذلیل اور توہین کمزوری کی علامت ہے، طاقت کی نہیں’۔
اسمرتی ایرانی کو سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ تنقید ان کے سابق کے بیانات اور اقتدار کے وقت اپوزیشن کےخلاف ان کے معاندانہ رویے کے حوالے سے کی جا رہی ہے ۔ اسمرتی ایرانی امیٹھی سے بی جے پی کی امیدوارتھیں، جنہیں کانگریس کے امیدوار کشوری لال شرما نے ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ راہل گاندھی کی اس اخلاقی اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر راہل گاندھی کی جم کر تعریف کی جا رہی ہے۔