سنبھل پھر سرخیوں میں: شاہی جامع مسجد کا نام تبدیل ،جمعہ مسجد رکھا گیا
اے ایس آئی کے ذریعہ بھیجا گیا سائن بورڈ موضوع بحث،محکمہ آثار قدیمہ نے دستاویزوں کا حوالہ دیتے ہوئے مسجد کا اصل نام جمعہ مسجد بتایا

نئی دہلی ،08 اپریل :۔
اتر پردیش کا سنبھل پھر ایک بار سرخیوں میں ہے۔حالیہ دنوں میں وہاں نئے پولیس اسٹیشن کا افتتاح عمل میں آیا ہے اور اب ایک نیا تنازعہ ابھر کر سامنے آیا ہے۔ اس مرتبہ شاہی جامع مسجد کسی بیان کی وجہ سے سرخیوں میں نہیں ہے، بلکہ نئے نام کی وجہ سے ہے۔ یہ نیا نام اے ایس آئی کی طرف سے بھیجے گئے ایک نئے سائن بورڈ میں لکھا گیا ہے، جو مقامی لوگوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ سائن بورڈ میں مسجد کو اس کے مشہور نام ’شاہی جامع مسجد‘ کی جگہ ’جمعہ مسجد‘ لکھا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جلد ہی یہ سائن بورڈ مسجد میں لگایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ایس آئی نے دستاویزوں کا حوالہ دیتے ہوئے مسجد کا اصل نام ’جمعہ مسجد‘ بتایا ہے۔ اے ایس آئی کا دعویٰ ہے کہ نیا سائن بورڈ ان کے ریکارڈ میں درج نام کے مطابق ہے۔ اس نئے نام سے ایک نیا تنازعہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
بہرحال، اے ایس آئی کے وکیل وشنو شرما نے بتایا کہ مسجد کے باہر پہلے اے ایس آئی کا ایک بورڈ لگایا گیا تھا، لیکن مبینہ طور پر کچھ لوگوں نے اسے ہٹا کر اس کی جگہ ’شاہی جامع مسجد‘ لکھا ہوا بورڈ لگا دیا۔ نیا بورڈ اے ایس آئی کے دستاویزات میں درج نام ’جمعہ مسجد‘ کے مطابق جاری کیا گیا ہے۔ شرما نے کہا کہ مسجد احاطہ کے اندر پہلے سے ہی اسی نام کا ایک نیلا اے ایس آئی بورڈ موجود ہے۔
واضح رہے کہ سنبھل میں ہندو مندروں کی تلاش اور کنوؤں کی تلاش کے درمیان محکمہ آثار قدیمہ کے ذریعہ شاہی جمع مسجد کا نام تبدیل کر کے جمعہ مسجد کا بورڈ ایک نیا تنازعہ کو جنم دے رہا ہے۔