سنبھل میں سی او انوج نے ہی فساد کرایا ،سرکار بدلی تو ایسے لوگ جیل میں ہوں گے
سماج وادی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی پروفیسر رام گوپال یادو کی سخت تنقید

نئی دہلی ،08 مارچ :۔
سنبھل میں سی او انوج چودھری نے جمعرات کو ہولی اور جمعہ کی نماز کو لے کر متنازع بیان دیا تھا، جس کو لے کر تنازع بڑھتا جا رہا ہے۔ اس پر سماج وادی پارٹی کے لیڈر بھی سخت ناراض ہیں۔ ایس پی کے راجیہ سبھا ایم پی پروفیسر رام گوپال یادو نے کہا کہ اگر حکومت بدلتی ہے تو ایسے لوگ جیل میں ہوں گے۔ پروفیسر رام گوپال نے سنبھل میں تشدد کے لیے سی او انوج چودھری کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
رام گوپال یادو نے سنبھل کے سی او کو لے کر بڑا بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہاں فساد انوج چودھری نے کروایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق رام گوپال یادو نے کہا کہ سنبھل کے سی او کہہ رہے تھے کہ گولی مارو، گولی مارو۔ پروفیسر رام گوپال یادو نے سی او انوج چودھری پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انوج چودھری نے فسادات کو ہوا دی تھی۔ جب بھی نظام بدلے گا اقتدار بدلے گا سی او جیل میں ہوں گے – اور جیل میں ہی رہیں گے۔
دریں اثناعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ہولی منانے کے تنازعہ پر ایس پی لیڈر نے کہا کہ وہاں کچھ مقامی حالات ہوسکتے ہیں، مجھے نہیں معلوم۔ کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ لوگ ہولی کے نام پر کچھ گڑبڑ شروع کر دیتے ہیں اور اگر ایک بھی گڑبڑ ہو گئی تو فساد ہو جائے گا۔