سنبھل شاہی جامع مسجد معاملہ:سپریم کورٹ نے موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کا حکم دیا

نئی دہلی، 22 اگست:۔
سپریم کورٹ نے یوپی کے سنبھل کی شاہی جامع مسجد تنازعہ معاملے میں موجودہ صورتحال کو برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں ہندو فریق کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس پی ایس نرسمہا کی صدارت والی بنچ نے 25 اگست کو کیس کی سماعت کرنے کا حکم دیا۔
مسجد کمیٹی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عرضی داخل کی ہے۔ ہائی کورٹ نے مسجد کا سروے کرانے کے سنبھل سول کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا تھا۔ ہائی کورٹ نے 19 مئی کو اپنے حکم میں کہا تھا کہ سنبھل کی شاہی جامع مسجد کا معاملہ عبادت گاہوں کے قانون کے دائرے میں نہیں آتا ہے۔
عرضی گزار کی جانب سے سینئر وکیل حذیفہ احمدی نے کہا کہ ہائی کورٹ کا یہ نتیجہ کہ سنبھل کی شاہی جامع مسجد کا معاملہ عبادت گاہوں کے قانون کے دائرے میں نہیں آتا ہے ،غلط ہے۔ سماعت کے دوران، عدالت نے احمدی سے پوچھا کہ کیا اس کیس کو عبادت گاہوں کے قانون سے متعلق مقدمات کے ساتھ ٹیگ کر دیا جائے۔
سماعت کے دوران ہندو فریق کی نمائندگی کرنے والے وکیل وشنو شنکر جین نے کہا کہ یہ معاملہ پلیسز آف ورشپ ایکٹ کے دائرے میں نہیں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمپلیکس اے ایس آئی کے تحت آتا ہے، اس لیے یہ عبادت گاہوں کے قانون کے تحت نہیں آئے گا۔