سنبھل سانحہ : جمعیة علماء ہند  کی جانب سے متاثرین کے اہل خانہ کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے کا اعلان

صدر جمعیة علماء ہند مولانا محمود مدنی نے سنبھل کے ذمہ داروں کے ساتھ ملاقات کی، مغموم اہل خانہ سے اظہار تعزیت

نئی دہلی 28 نومبر:۔

سنبھل میں پولیس انتظامیہ نے جو انسانیت سوز جرم کا ارتکاب کیا ہے وہ کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے ، ہم اس کے خلاف ہر سطح پر لڑیں گےاور مظلوموں اور بے قصور گرفتار شدگان کو انصاف دلائیں گے۔ یہ اعلان آج جمعیة علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے رجب پور امروہہ میں سنبھل حادثہ سے متعلق ہوئی ایک اہم میٹنگ میں کیا۔مولانا مدنی نے اعلان کیا کہ جمعیةعلماء ہند سبھی شہدا کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ روپے دے گی ، نیز جو زخمی ہوئے ہیں ان کے علاج و معالجہ کے لیے دست تعاون بڑھایا جائے گا۔ اس میٹنگ میں جمعیةعلماء امروہہ ، جمعیةعلماء سنبھل اور جمعیة علماء مرادآباد کے ذمہ داران موجود تھے جس میں جمعیة علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی اور جمعیة علماء ہند کے خازن مولانا قاری شوکت علی اور مفتی محمد عفان منصورپوری بھی شریک ہوئے۔ صدر جمعیة علماء ہند نے تینوں اضلاع کے ذمہ داران پرمشتمل ایک ریلیف کمیٹی بھی تشکیل دی جس کے کنوینر حافظ محمد شاہد صدر جمعیة علماء سنبھل ہوں گے ، نیز ایک قانونی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔

دوسری طرف ٹی ایم یویونیورسٹی کے ہاسپیٹل میں زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد جمعیةعلماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے سخت اعتراض ظاہر کیاکہ زیر علاج زخمیوں کے پیروں میں بیڑیاںڈالی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے پولس محکمہ زیر علاج محروسین پر دباؤ بنا رہا ہے کہ وہ اپنے بیانات کو بدل دے ، جو انصاف و قانون کے خلاف ہے اور ہم اس کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے ہیں۔