سنبھل: جامع مسجد کے صدر ظفر علی کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد

نئی دہلی ، مرادآباد، 27 مارچ :۔
عدالت نے جمعرات کوسنبھل جامع مسجد انتظامیہ کمیٹی کے سربراہ ظفر علی کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی، جنہیں چار دن قبل اتر پردیش میں سنبھل تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمے کی اگلی سماعت اب 2 اپریل کو ہوگی۔ شاہی جامع مسجد کے دوسرے سروے کے دوران 24 نومبر کو سنبھل میں تشدد ہوا تھا۔ اس معاملے میں مسجد انتظامیہ کمیٹی کے صدر ایڈوکیٹ ظفر علی کو پولیس نے 23 مارچ کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔
اے ایس پی شری چندر نے دعویٰ کیا تھا کہ سنبھل تشدد میں انکا کا بھی رول پایا گیا۔ پولیس کے مطابق انہوں نے اشتعال انگیز بیان دیا تھا۔ تشدد کی جانچ کرنے والی ایس آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد ایڈوکیٹ ظفر علی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ضلعی حکومت کے وکیل راہل دیکشت نے بتایا کہ جمعرات کو ظفر علی کے وکلاء کی جانب سے عدالت میں عبوری ضمانت اور باقاعدہ ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نربھئے نارائن رائے کی عدالت نے سماعت کے بعد عبوری ضمانت کی عرضی کو مسترد کر دیا۔ مقدمے کی اگلی سماعت کی تاریخ 2 اپریل مقرر کی گئی ہے۔