سنا تھا یوگی اور مودی کی پولیس بہت اچھی ہے

 یوپی:15 سالہ نابالغ بچے کا اغوا کے بعد قتل،متاثرہ والد نےاتر پردیش پولیس پر فوری کارروائی نہ کرنے کا لگایا الزام

نئی دہلی ،06 مئی:۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اکثر اپنی تقریروں میں لا اینڈ آرڈر کے مضبوط ہونے کا دعوی کرتے نہیں تھکتے لیکن حقیقی صورت حال ان کے دعوے کے بر عکس ہے۔آئے دن مجرمانہ واردات اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ ریاست میں بد معاشوں کے دل سے خوف ختم ہو گیا ہے۔تازہ معاملہ اتر پردیش کے نوئیڈا کا ہے جہاں سے چار دن قبل ایک پندرہ سالہ نابالغ کنال نامی بچے کا اغوا ہوا اور چار دن بعد اس کی لاش بر آمد ہوئی ۔والد کا الزام ہے کہ شکایت کے باوجود پولیس نے فوری کارروائی نہیں کی جس کی وجہ سے اس کے بیٹے کی زندگی چلی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گریٹر نوئیڈا کے بیٹا دو کوتوالی علاقے سے چار دن قبل یکم مئی کو ایک کار میں سوار کچھ لوگوں نے کنال کا اغوا کر لیا تھا۔ یہ معاملہ سی سی ٹی وی میں بھی قید ہو ا ہے لیکن اتر پردیش پولیس کو اس کی تلاش میں چار دن لگ گئے آخر کار کنال کی لاش پولیس کے ہاتھ لگی۔سینیر اہلکاروں کے مطابق آس پاس کے کیمروں میں سفید کار کی تصاویر قید کر لی تھی لیکن اس کا رجسٹریشن فرضی نکلا جس کی وجہ سے پولیس کارروئای نہیں کر سکی۔کنال کے والد رام کشن کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پولیس پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں اور کہا ہے کہ پولیس نے ان کی کسی بات پر یقین نہیں کیا اور مستعدی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔ایسی پولیس تباہ ہو۔

والد نے بتایا کہ میرے ڈھابے کےسامنے سے میرے بیٹے کو اغوا کیا گیا ۔ اس کے بعد میں نے پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس نے میری ایک بات نہیں سنی ۔ میرے ہی خاندان والوں کو پریشان کیا گیا۔ میرے ہوٹل پر آکر مار پیٹ کی گئی ایک بچہ ہمارے گھر کا تو اسپتال میں بھی داخل ہے۔ انہوں نے انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سنا تھا کہ یوگی مودی کی پولیس بہت اچھی ہے لیکن  ایسی پولیس کا ناش ہو جائے۔