سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق کا 93 سال کی عمر میں انتقال
نئی دہلی ،27 فروری :۔
سماجوادی پارٹی کےرکن پارلیمنٹ اور سینئر رہنما شفیق الرحمن برق کا آج 93 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ کافی دنوں سے علیل تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے، لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ آج صبح انھوں نے آخری سانس لی اور ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی سیاسی و سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
مغربی یو پی میں شفیق الرحمان برق مسلمانوں کی ایک مضبوط آواز تھے جو پارلیمنٹ میں اپنے بے باک بیانات اور تبصرے کے لئے ہمیشہ خبروں میں رہا کرتے تھے۔وہ عوامی حلقوں میں ہمیشہ مقبول رہنما کے طور پر مشہور رہے۔یہی وجہ ہے کہ ان کی طویل عمر اور بزرگی کے باوجود سماج وادی پارٹی نے انہیں اپنا امیدوار بنایا تھا ۔
بتایا جاتا ہے کہ شفیق الرحمن کی طبیعت فروری ماہ کے شروع میں زیادہ خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انھیں مراد آباد واقع ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی دیکھ بھال پوتی کر رہی تھی جو کہ خود بھی ایک ڈاکٹر ہے۔ برق کا انتقال سماجوادی پارٹی کے لیڈران و کارکنان کے لیے شدید جھٹکا ہے، کیونکہ پارٹی نے انھیں آئندہ پارلیمانی انتخاب کے لیے بھی امیدوار بنایا تھا اور وہ جیت کے مضبوط دعویدار تھے۔
واضح رہے کہ شفیق الرحمن برق کی پیدائش 11 جولائی 1930 کو اتر پردیش کے سنبھل میں ہوئی تھی۔ وہ سماجوادی پارٹی سے لوک سبھا انتخاب جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے۔ شفیق الرحمن برق چار بار رکن اسمبلی اور پانچ بار رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔ انھوں نے پہلی بار سماجوادی پارٹی کی ٹکٹ پر 1996 میں لوک سبھا انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 2014 میں انھوں نے بی ایس پی کی طرف سے لوک سبھا انتخاب لڑا تھا اور اس میں بھی جیت حاصل کی تھی۔