سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے زاہد بیگ اور ان کے اہل خانہ کو الہ آباد ہائی کورٹ سے  بڑی راحت

بیٹے زعیم بیگ اور اہلیہ سیما بیگ کی بھی ضمانت عرضی عدالت نے منظور کی

مشتاق عامر

نئی دہلی ،04 جون :۔

بھدوہی اسمبلی حلقے سے سماج وادی پارٹی کے رکن زاہد بیگ ، ان کے بیٹے اور بیوی کی ضمانت عرضی الہ آباد ہائی کورٹ نے منظور کر لی ہے ۔تینوں افراد پر گھر کی ملازمہ کو مبینہ طور سے خود کشی پر اکسانے کا الزام ہے ۔زاہد بیگ اور ان کے بیٹے زعیم بیگ الہ آباد کی نینی سینٹرل جیل میں بند تھے ۔جبکہ ان کی بیوی سیما بیگ کو پولیس نے مفرور قرار دیا تھا ۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے زاہد بیگ کو بڑی راحت دیتے ہوئے ان کے ساتھ ان کی بیوی اور بیٹے کو بھی ضمانت دے دی ہے۔ اس سے قبل 18 نومبر کو سیما بیگ کے مفرور ہونے کی وجہ سے پولیس نے ان کی جائیداد ضبط کر لی تھی۔

اتر پردیش کے بھدوہی اسمبلی حلقے سے سماجو ادی پارٹی کے ایم ایل اے زاہد بیگ کو الہ آباد ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت عالیہ نے کم سن ملازمہ کی موت کے معاملے میں ایم ایل اے زاہد بیگ اور ان کے بیٹے کو گرفتار کیا تھا۔ اس کیس میں عدالت نے زاہد بیگ کے ساتھ ان کی بیوی سیما بیگ اور بیٹے زعیم  بیگ کو بھی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے سماعت کے دوران کہا کہ چونکہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے اور اس کی تفتیش ابھی جاری ہے،اس لیے فی الحال ملزمان کو جیل میں رکھنا مناسب نہیں ہے۔  زاہد بیگ الہ آباد کی نینی سنٹرل جیل میں بند ہیں۔ ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے  بعد زاہد بیگ اور ان کے بیٹے زئم بیگ کی رہائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ یہ فیصلہ ہائی کورٹ کے جسٹس سنجے کمار سنگھ کی سنگل بینچ نے دیا ہے۔

سماج وادی پارٹی کے ممبر اسمبلی زاہد بیگ اکھلیش یادو کے ساتھ (فائل فوٹو)

قابل ذکر ہے کہ 9 ستمبر 2024 کو بھدوہی میں واقع ایم ایل اے زاہد بیگ کی رہائش گاہ پر ان کی 14 سالہ کم سن ملازمہ نے خودکشی کر لی تھی۔ اس کے بعد 14 ستمبر کو پولیس نے ایس آئی ہر دت پانڈے کی شکایت پر زاہد بیگ، ان کی بیوی سیما بیگ اور بیٹے زعیم بیگ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔درج ایف آئی آر میں ان پر نابالغ سے مزدوری کرانے اور اس کو خودکشی پر مجبور کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ملازمہ کی خود کشی کے معاملے میں پولیس نے سب سے پہلے زاہد بیگ کے بیٹے زعیم بیگ کو گرفتار کیا تھا۔بیٹے کی گرفتاری کےبعد میں ایم ایل اے زاہد بیگ نے عدالت میں سرینڈر کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے زاہد بیگ کی بیوی سیما بیگ مفرور چل رہی تھیں۔ سیما بیگ نے اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ اس دوران پولیس نے ضلع عدالت کے حکم پر کارروائی کرتے ہوئے 18 نومبر کو سیما بیگ کی جائیداد کو ضبط کر لیا تھا۔ زاہد بیگ کا شمار پروانچل میں سماج وادی پارٹی کے اثر دار لیڈروں میں ہوتا ہے ۔ زاہد بیگ اکھلیش یادؤ کے قریبی مانے جاتے ہیں۔