
سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر کے درمیان رابطہ، خطے میں امن مساعی پر اتفاق
ریاض،25جون:۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ بالآخر بارہ دنوں پر اختتام کو پہنچ گئی ۔دریں اثنا سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر مسعود بزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں کل منگل کو ایران اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں معاون ہوگا اور کشیدگی میں اضافے کے خدشات کو کم کرے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ مملکت ہمیشہ سے اختلافات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اور بات چیت کی حامی رہی ہے اور اسی راہ کو خطے میں دیرپا استحکام کا موثر ذریعہ سمجھتی ہے۔