
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی
ریاض ،06 جون :۔
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں جمعہ کے روز عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ میں نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں لاکھوں حجاج کرام اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ عید کے روح پرور مناظر میں حجاج لبیک اللّٰہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوئے۔
سعوی عرب میں نمازِ عید کا سب بڑا اجتماع مسجدالحرام اور مسجد نبویؐ میں ہوا۔ لاکھوں حجاج آج مناسک حج کے اگلے مرحلے کے لیے مذدلفہ سے منیٰ پہنچے، جہاں حجاج جمرہ عقبہ (بڑے شیطان) کی رمی میں مصروف ہیں۔حج کے تیسرے اور آخری مرحلے میں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری ہے، لاکھوں حجاج رمی اور قربانی کرنے کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ طوافِ زیارت کےلیے عام لباس میں مسجد الحرام جائیں گے، عام لباس میں ہی سعی کریں گے۔ حجاج کرام 11 اور 12 ذوالحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے اور تینوں شیطانوں کی رمی کرینگے۔اس سے قبل حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ ادا کرنے کے بعد لاکھوں حجاج گزشتہ رات مزدلفہ پہنچے تھے۔
رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی ہزاروں مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جن میں سعودی شہریوں کے علاوہ لاکھوں غیر ملکی مسلمان بھی شریک ہوئے۔ خطبہ عید میں عالم اسلام میں اتحاد، قربانی، ایثار، انسانیت اور مظلوموں کے لیے دعا پر زور دیا گیا۔
نماز عید کے بعد فرزندانِ اسلام نے سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا عمل شروع کیا جو تین دن تک جاری رہے گا۔ حجاج کرام بھی قربانی کی ادائیگی کے بعد سر منڈوانے کا عمل شروع کریں گے، جو حج کے آخری مراحل میں شامل ہے۔
سعودی حکومت نے قربانی کے عمل کو منظم انداز میں انجام دینے کے لیے ملک بھر میں مویشی منڈیوں، ذبح گاہوں اور گوشت کی تقسیم کے مراکز پر خاص انتظامات کیے ہیں۔ فلاحی ادارے اور رضاکار تنظیمیں قربانی کے گوشت کو مستحق افراد تک پہنچانے میں سرگرم عمل ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پوری امت مسلمہ کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور حج کی کامیاب ادائیگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، ترکی، شام، اردن، عمان اور عراق میں بھی آج ہی عیدالاضحی مذہبی عقیدت سے منائی گئی۔ یورپ اور امریکہ میں مقیم کئی ممالک کے مسلمان، بشمول برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے مسلم شہریوں نے بھی جمعہ کو ہی عیدالاضحی منائی۔