سرکردہ مسلم تنظیموں کے وفد کی اردن کے سفیر سے ملاقات،غزہ بحران پربا معنی کردار ادا کرنے کی اپیل

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی،یکم اگست :۔

سر کردہ ہندوستانی مسلم تنظیموں کے ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ وفد نے  گزشتہ روز جمعرات کو نئی دہلی میں اردن کے سفارت خانے میں ہاشمی سلطنت اردن کے سفیر جناب یوسف مصطفیٰ علی عبدالغنی اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن مسٹر فلاح سے ملاقات کی اور غزہ میں انسانی بحران پر فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ یہ اطلاع جماعت اسلامی ہند کے سوشل میڈیا فیس بک اکاؤنٹ پر دی گئی  ہے۔

اطلاع کے مطابق ملاقات کے دوران وفد نے اردن کی حکومت پر زور دیا کہ وہ غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے فعال، ٹھوس اور بامعنی کردار ادا کرے۔ فلسطینی عوام کے جاری مصائب پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفد نے اردن پر زور دیا کہ وہ اپنی سفارتی اور انسانی کوششوں کو تیز کرے۔

وفد نے اعزازی سفیر کے ذریعے اردنی حکومت سے خصوصی طور پر اپیل کی کہ وہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرے، متاثرہ فلسطینی آبادی کو فوری انسانی امداد فراہم کرے اور فلسطین کی ایک آزاد، خودمختار ریاست کے قیام کے لیے بھرپور وکالت شروع کرے۔

مشترکہ وفد میں سید سعادت اللہ حسینی صدر جماعت اسلامی ہند، ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس، ترجمان، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، عظیم اللہ قاسمی، نیشنل کوآرڈینیٹر، جمعیۃ علماء ہند، ملک معتصم خان، جنرل سکریٹری، ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف  سول رائٹس (آئی سی آر سی آر)، ڈاکٹرشیث تیمی، سکریٹری  مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند، عبدالحفیظ، قومی صدر، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او)، رضوان احمد رفیقی، اسسٹنٹ سکریٹری، جماعت اسلامی ہند اور یونس ملا، نیشنل سکریٹری، ایس آئی او  شامل تھے۔

وفد نے فلسطینی کاز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے مسلم دنیا سےاخلاقی اور انسانی بنیاد پر متحدہ کوشش کی اپیل کی۔