سرسوتی پوجا کے دوران برقعہ پہن کر ڈانس، دونوجوان گرفتار
بہار کے بیگو سرائے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات کے بعد دو ملزمین کو گرفتار کیا
نئی دہلی ،07 فروری :۔
ملک میں اس وقت مسلمانوں اور مسلم شناخت کو بدنام کرنے کی شدت پسندوں کی جانب سے کوششیں عروج پر ہیں۔کہیں مسلم نام سے بم دھماکے کی دھمکی دی جاتی ہے تاکہ مسلم نام کی وجہ سے سیدھے انتظامیہ مسلمانوں پر شکنجہ کسے تو کہیں مسلم شناخت برقعہ کو بدنام کرنے کیلئے ہندو شدت پسند نوجوان برقعہ پہن کر فحش گانوں پر رقص کرتے ہوئے ویڈیو وائرل کر رہے ہیں ۔ ایسا ہی ایک معاملہ بہار کے بیگو سرائے میں پیش آیا ہے۔ جہاں گزشتہ دنوں بسنت پنچمی کے موقع پر سرسوتی پوجا کے دوران دو نوجوانوں کو برقعہ پہن کر رقص کرتے دیکھا گیا۔نوجوان کے ڈانس کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیج پر دو لڑکے برقعہ پہن کر بھوجپوری گانے پر ڈانس کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جو ویڈیو وائرل ہو رہا ہے وہ سرسوتی پوجا کے وقت کا ہے۔ برقعہ پہن کر رقص کیا کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ معاملہ ضلع کے دھوبی ٹولہ وارڈ نمبر20 کا ہے۔ بسنت پنچمی کے موقع پر یہاں سرسوتی پوجاکا اہتمام کیا گیا تھا۔ پوجا کے دوران دو نوجوانوں نے برقعہ پہن کر ڈانس کیا تھا، پولیس نے بتایا کہ یہ پورا واقعہ پھولوادیا تھانہ علاقہ کے پھولوادیاگنج کا ہے۔ پھلواڑیہ گنج دھوبی ٹولہ کے سرسوتی پوجا پنڈال میں برقعہ میں کچھ نوجوانوں نے رقص کیا۔ انہیں اطلاع ملی تھی کہ پوجا پنڈال میں دو لڑکے برقعہ پہن کر ناچ رہے ہیں۔ ایسے میں پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کی۔ پولیس کی جانچ میں یہ معاملہ سچ ثابت ہوا ہے۔ پولیس نے دونوں لڑکوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں حال ہی میں چھتیس گڑھ سے ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے۔ ریاست کے سرگوجا ضلع کے مین پت کے نرمدا پور میں ثقافتی پروگرام کے نام پر فحش رقص اور گانےپیش کیے گئے۔