سال2024 میں عیسائیوں کے خلاف تشدد میں ریکارڈ اضافہ،تحقیقات کا مطالبہ
نومبر 2024 تک بھارت میں745 تشدد کے واقعات ریکارڈ،یونائٹیڈ کرسچن فورم (یو سی ایف) نے مودی حکومت سےقومی سطحی انکوائری شروع کرنے کا مطالبہ کیا
نئی دہلی ،22 دسمبر :۔
ملک میں اقلیتوں اور دلتوں کے خلاف جرائم میں زبر دست اضافہ ہوا ہے۔ خاص طور پر مذہبی بنیاد پر مسلمانوں اور عیسائیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔شدت پسندوں نےمذہبی شناخت کی بنیاد پر حملے کئے۔تبدیلی مذہب کا الزام عائد کیا گیا،مساجد اور چرچوں میں توڑ پھوڑ کی گئی ،اپنے ذاتی مکانوں میں مذہبی رسومات کی ادائیگی پر بھی اعتراض کرتے ہوئےہنگامہ کیا گیا۔اور یہ حملے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں ۔ خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف نفرت میں تو حد درجہ اضافہ درج کیا گیا ہے۔سال رواں 2024 میں اگر عیسائیوں پر ہونے والے حملوں کے ریکارڈ پر روشنی ڈالیں تو سال گزشتہ یعنی 2023 اور2022 کے مقابلے میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2024 تک ملک بھر میں عیسائیوں کے خلاف تشدد 745 واقعات ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔تشدد کے بڑھتے واقعات پر عیسائی مذہبی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یونائیٹڈ کرسچن فورم(یو سی ایف) نے مودی حکومت پر زور دیا ہے کہ سیکرٹری سطح کے اہلکار کی سر براہی میں ایک قومی سطح کی انکوائری شروع کرے تاکہ مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے ظلم و ستم کی تحقیقات کی جاسکیں۔
یو سی ایف کے نیشنل کوآرڈینیٹر اے سی مائیکل، جو دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق رکن ہیں، نے حکومت کی جانب سے کارروائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں، حکومت نے ایک خصوصی ایلچی کو بنگلہ دیش بھیجا تاکہ وہاں کی اقلیتوں پر حملے کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا قدم ہندوستان میں مسیحی برادری کے لیے بھی اٹھایا جانا چاہیے۔
یو سی ایف نے گزشتہ برسوں کے دوران تشدد میں پریشان کن اضافے کا پتہ لگایا ہے، جس کے ساتھ واقعات کی تعداد 2014 میں 127 واقعات سے بڑھ کر نومبر 2024 تک 745 ہو گئے۔یو سی ایف کے ہیلپ لائن کے اعداد و شمار کے مطابق، اتر پردیش میں مسلسل سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں 2023 میں 287 اور 2024 میں 182 کیسز۔ دیگر ریاستیں جیسے چھتیس گڑھ میں بھی اضافہ ریکار کیاگیا ہے، اس سال 139 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم یو سی ایف کا خیال ہے کہ یہ تعداد حتمی اور حقیقی نہیں ہیں کیونکہ بہت سے واقعات کی اطلاع نہیں دی جاتی ہے۔
یو سی ایف نے 12 ریاستوں میں تبدیلی مذہب مخالف قوانین کو متعارف کرانے پر بھی تنقید کی ہے۔خبردار کیا ہے کہ یہ سیاسی طور پر محرک قوانین مذہبی آزادیوں کی خلاف ورزی کر سکتے ہیں۔ خاص طور پر، اتر پردیش میں حالیہ ترمیم، جو کہ پی ایم ایل اےاور یو اے پی اے جیسے سخت قوانین کی آئینہ دار ہے، کو ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 25 کی ممکنہ خلاف ورزی کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے، جو مذہب کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
ان خدشات کے علاوہ یو سی ایف نے منی پور میں جاری تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ہے جہاں 2023 میں مبینہ طور پر 200 سے زیادہ گرجا گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔ یو سی ایف نے پیپلز یونین فار سول لبرٹیز (پی یو سی ایل) کی رپورٹوں پر بھی روشنی ڈالی، جو بتاتی ہیں کہ مقامی پولیس تشدد میں ملوث رہی ہے، اکثر مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ملک میں عیسائیوں کے خلاف حملوں کے پیش نظر یو سی ایف نے2015 میں ایک ٹول فری ہیلپ لائن شروع کی تاکہ مصیبت میں گھرے مسیحیوں کی مدد کی جا سکے، قانونی علاج اور حکام سے رجوع کرنے کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے۔ تاہم، فورم نے مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ عیسائیوں کو نشانہ بنانے والے چوکس گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں پر 2022 سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔