سابق سکرٹری مالیات راجیو کمار نے نئے الیکشن کمشنر کے طور پر عہدہ سنبھالا

نئی دہلی، یکم ستمبر 2020۔ سابق مالیاتی سکرٹری راجیو کمار نے بھارت کے نئے الیکشن کمشنر کے طور پر قلم دان سنبھال لیا ہے۔ راجیو کمار چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ اور الیکشن کمشنر سشیل چندرا کے ساتھ بھارت کے الیکشن کمیشن میں شامل ہوئے ہیں۔ موصوف کی پیدائش 19 فروری 1960 کو ہوئی تھی اور وہ 1984 بیج کے انڈین ایڈ منسٹریٹو سروس افسر ہیں۔ حکومت ہند کی چھتیس سال سے زیادہ مدت کی اپنی خدمات کے دوران جناب راجیو کمار نے مرکز میں اور اپنی ریاست کے کیڈر بہار / جھارکھنڈ میں مختلف وزارتوں میں خدمات انجام دی ہیں۔

جناب راجیو کمار نے سماجی شعبے، ماحولیات اور جنگلات، انسانی وسائل، مالیات اور بینکنگ کے شعبے میں کام کیا ہے۔ اس سے قبل وہ گذشتہ سال فروری کے مہینے میں حکومت ہند کے فائنانس سکریٹری کے طور پرسبک دوش ہوئے تھے۔ اس کے بعد اپریل 2020 سے 31 اگست 2020 تک وہ پبلک انٹر پرائزز سلیکشن بورڈ کے چیئر مین رہے ۔2015سے 2017 تک وہ عملے اورتربیت کے محکمے کے ایسٹبلشمنٹ افسر بھی رہے۔ اس سے قبل اخراجات کے محکمے کے جوائنٹ سکریٹری رہے۔ انہوں نے قبائلی امور کی وزارت، ماحولیات اور جنگلات کی وزارت کے ساتھ ساتھ ریاستی کیڈر میں تعلیم کے محکمے میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔