سابق آر ایس ایس سربراہ کا عیسائی مذہبی رہنما کے خلاف متنازعہ تبصرہ،عیسائیوں کا احتجاج
گواپولیس کے ذریعہ ایف آئی آر درج کئے جانے کے بعد سابق سر براہ سبھاش ویلنگکر فرار
نئی دہلی ،07 اکتوبر :۔
گوا میں آر ایس ایس کے سابق سر براہ سبھاش ویلنگکر کے ذریعہ عیسائی مذہبی رہنما سینٹ فرانسس زیویئر پر متنازعہ تبصرہ کے بعد عیسائی احتجاج کر رہے ہیں ۔گوا میں عیسائیوں کے ذریعہ مختلف مقامات پر احتجاج کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ملزم ویلنگکر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لیا ہےجس کے بعد ویلنگکر فرار ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے کہا کہ گوا کے سابق آر ایس ایس سربراہ ‘فی الحال مفرور’ ہیں۔ آر ایس ایس گوا یونٹ کے سابق سربراہ سبھاش ویلنگکر کی طرف سے گوا کے سرپرست سنت مانے جانے والے سینٹ فرانسس زیویئر کی باقیات کے ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کے بعد مقامی عیسائیوں میں زبر دست غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ سابق آر ایس ایس سر براہ کے متنازعہ تبصرہ کے بعد عیسائی احتجاج کر رہے ہیں۔دریں اثنا عیسائی رہنما اور چرچ نے لوگوں سے امن و امان بر قرار رکھنے کی اپیل جاری کی ہے۔
گوا پولیس نے ہفتہ کو کہا کہ ویلنگکر مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ اے اے پی ایم ایل اے کروز سلوا کی شکایت کی بنیاد پر، گوا میں ویلنگکر کے خلاف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کے لیے کم از کم نصف درجن شکایات درج کی گئی تھیں۔
اس کے خلاف جمعہ کی رات شمالی گوا کے بیچولم پولیس اسٹیشن میں بی این ایس کی دفعہ 299 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی (جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی عمل جس کا مقصد کسی بھی طبقے کے مذہب یا مذہبی عقائد کی توہین کرکے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا تھا)۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے بدنیتی کے ساتھ سینٹ فرانسس زیویئر کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا۔