زخمی اسرائیلی فوجیوں نے نیتن یاہو سے ملاقات مسترد کر دی
تل ابیب ،21دسمبر :۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے ۔اس دوران بڑی تعداد میں غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکت نے دنیا بھر کے انصاف پسندوں کی توجہ مبذول کرائی ہے اور لوگ جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں ۔وہیں اب اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت اور زخمیوں کی خبریں میں باہر آ رہی ہیں جس سے خود اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کے بعض حصوں میں جنگ کے خلاف رجحان فروغ پانے لگا ہے ۔ تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ میں شریک اسرائیلی فوجیوں کے زخمی جوانوں نے وزیر اعظم نتن یاہو سے ملنے سے انکار کر دیا ہے ۔ وزیر اعظم سے نہ ملنا اپنے آپ میں ایک سخت احتجاج ہے ۔خبر کے مطابق زخمیوں میں سے بعض نےوزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے تل ابیب میں شیبا ہیلتھ مرکز کے دورے کے دوران بعض زخمی اسرائیلی فوجیوں نے ان سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ٹیلی ویژن چینل 13 کے مطابق نیتن یاہو نے غزّہ کے برّی آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے فوجیوں کے ساتھ ملاقات کے لئےشیبا ہیلتھ سینٹر کے شعبہ ری ہیبیلی ٹیشن کا دورہ کیا تھا۔
خبر کے مطابق زخمیوں میں سے بعض نے نیتن یاہو سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد فوجی نمائندے اور وزارت اعظمیٰ کے حکام، نیتن یاہو سے ملاقات قبول کرنے والے فوجیوں کو سینٹر کے نسبتاً تنہا حصّے میں جمع کرنے پر مجبور ہو گئے ۔
اس دوران وزارت اعظمیٰ آفس نے بھی جاری کردہ بیان میں نیتن یاہو کے دورہ ‘شیبا صحت مرکز’ کا اور 7 اکتوبر کو زخمی ہونے والے شہریوں اور غزّہ کی جھڑپوں میں زخمی ہونے والے فوجیوں کے ساتھ ملاقات کا ذکر کیا ہے۔