رکن پارلیمنٹ عبدالوہاب نے وقف بورڈ کی منسوخی کے خلاف بل پر راجیہ سبھا کے چیئرمین کو لکھا خط
نئی دہلی ،22جولائی :۔
بی جے پی کے رہنماؤں کو وقف ایکٹ سے شدید ناراضگی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ وہ اس وقف ایکٹ کے خلاف مسلسل بیان بازی کر رہے ہیں اور اب بی جے پی وقف بورڈ کی منسوخی کے سلسلے میں بل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے ایم پی عبدالوہاب نے راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑکو خط لکھا ہے جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ وقف منسوخی بل کو متعارف کرانے کی اجازت نہ دیں، یہ ایک پرائیویٹ ممبر کا بل ہے جسے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہرناتھ سنگھ یادو نے پیش کیا ہے۔
وہاب نے کہا، "اس طرح کے بل کو متعارف کرانے میں مسٹر یادو کا ارادہ مسلم کمیونٹی کے عقیدے میں مداخلت کرنے اور مسلم کمیونٹی اور ان کے عقیدے کے خلاف اپنی دشمنی اور نفرت کو اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔”
تین مرتبہ کے رکن پارلیمنٹ نے وقف بورڈ کا قیام جائیدادوں کی دیکھ بھال کے لیے کیا گیا تھا، اور ان سے حاصل ہونے والی آمدنی کو خیراتی اور اسلامی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاناہے، اور بورڈ کے قیام کا مقصد مسلم کمیونٹی سے متعلق جائیدادوں سے متعلق معاملات میں حکومت کی مداخلت کو کم کرنا تھا۔
وہاب نے کہا، "مسلمانوں کے عقیدے کے اس طرح کے اہم عمل کو منسوخ کرنے کا بل مسلم کمیونٹی کے مفاد کے خلاف اور پیش کردہ آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ حالانکہ جمعہ کو یہ بل پیش نہیں کیا جا سکا کیونکہ اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے راجیہ سبھا بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوگئی۔