روزہ خواتین کو بااختیاربنانے کا بہترین ذریعہ
جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین کی جانب سے منعقدہ بین المذاہب سمینار میں نیشنل سکریٹری رحمت النساء کا اظہار خیال,
نئی دہلی،06مارچ:۔
جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین کی جانب سے اسکالر اسکول، نئی دہلی میں ” خواتین کو بااختیار بنانے میں روزہ اور روحانیت کا کردار“ کے موضوع پر ایک بین المذاہب سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد مختلف مذاہب اور ثقافتوں میں روزے کے تصور کو سمجھنا اور یہ جاننا ہے کہ روزہ کس طرح خواتین میں ذاتی ترقی، لچک اور انتظامی شعور کی تحریک پیدا کرتا ہے۔
سمینار کو خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کی نیشنل سکریٹری شائستہ رفعت نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ ” روزہ خود کی تربیت اور بااختیار بنانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ ایک عورت روزے کے ذریعے بااختیار بن سکتی ہے اور معاشرے کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ لہٰذا مذہبی رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ روزے کی خوبیوں کو عوام کے سامنے لائیں“۔ انہوں نے کہا کہ ” طبقات اور کمیونٹیز کے درمیان دوریوں کو ختم کرنے کے لئے تمام مذہبی و تنظیمی رہنماؤں کو اس طرح کا سمینار منعقد کرنا چاہئے۔
سیمینار کا افتتاح کرتے ہوئے جماعت کی نیشنل سکریٹری محترمہ رحمت النسا نے کہا کہ” قرآن کے حکم کے مطابق روزہ فرض ہے جس کا مقصد تقویٰ حاصل کرنا ہے۔ روزہ، مومن کے دل و دماغ اور جسم کو مضبوط بناتا ہے جس کی وجہ سے انسان میں اپنی اصلاح اور بااختیاریت کا احساس پیدا ہوتا ہے“۔
انہوں نے کہا کہ ” اس سمینار کا مقصد ایک دوسرے کو سمجھنا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے “۔ویژن فار اوسس ویبس سوسائٹی ”وی او ڈبلیو ایس “ کی بانی صدر اور سماجی کارکن محترمہ سلمیٰ فرانسس نے کہا کہ ” روزہ کا مطلب ہے حواس خمسہ کے ساتھ روزہ رکھنا، تبھی اس سے مکمل فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ ایسا روزہ ہی خیالات کی پاکیزگی کا باعث بنتا ہے۔ گھر گرہستی کے اعتبار سے عورتیں پیدائش سے ہی بااختیار ہیں، انہیں بس اس صلاحیت کو چمکانے کی ضرورت ہے۔ سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر جگیت کور نے کہا کہ ” ہم سب کو انسانیت کی فلاح کے لئے کام کرنا چاہئے اور ہر فرد کی شخصیت کو اس کے لئے تیار کرنا چاہئے۔جماعت کی نیشنل اسسٹنٹ سکریٹری محترمہ عارفہ پروین نے کہا کہ قرآن و حدیث کے مطابق روزہ کا مقصد صرف بھوکا پیاسا رہنا نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ ہی برے اعمال، برے خیالات اور برے قول کو بھی چھوڑنا ہے۔گایتری پریوار ، ہری دوار سے تعلق رکھنے والی مسز سشما ٹھکرال نے روزے سے صحت کو ملنے والے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے روزہ دار کے لئے سوچ میں پاکیزگی لانے پر زور دیا اور باقاعدہ ورزش اور مناسب خوراک کا مشورہ دیا۔برہما کماری حسین نے کہا کہ انسان کا اپنے خالق کے ساتھ رشتہ جڑ جانا، انسان کو بااختیار بنانے میں اہم رول ادا کرتا ہے اور روزہ کے ذریعے خالق سے رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔ پروگرام کی نظامت محترمہ میناز بانو نے کی۔