رقم کی تقسیم کا معاملہ: بی جے پی امیدوار پرویش ورما کے خلاف الیکشن کمیشن سخت
دہلی پولیس کو الیکشن کمیشن نے کارروائی کی ہدایت دی
نئی دہلی،14 جنوری :۔
دہلی میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے درمیان امیدواروں کے ذریعہ ووٹروں کو لبھانے کیلئے متعدد ایسے طریقے انجام دیئے جا رہے ہیں جو الیکشن قوانین کی سر اسر خلاف ورزی ہے۔ایسے امیدواروں پر الیکشن کمیشن کی نظر ہے۔بی جے پی لیڈر اور نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار پرویش ورما گزشتہ دنوں سرخیوں میں تھے ۔عام آدمی پارٹی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھاکہ وہ ووٹروں کو پیسے تقسیم کر رہے ہیں ۔اب الیکشن کمیشن نےانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت دہلی پولیس کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر دہلی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور نئی دہلی علاقے سے امیدوار اروند کیجریوال نے پرویش ورما کے خلاف ضلع الیکشن افسر سے شکایت کی تھی اور کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے دہلی کے وزیر اعلیٰ آتشی، ان کے پنجاب کے ہم منصب بھگونت مان، اے اے پی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال اور ایم پی سنجے سنگھ اور دیگر کی قیادت میں اے اے پی کے ایک وفد نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور ورما کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
نئی دہلی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر (ڈی ای او) نے عام آدمی پارٹی اور اس کے کنوینر اروند کیجریوال کے ذریعہ بی جے پی امیدوار پرویش ورما کے خلاف لگائے گئے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے الزامات کی تحقیقات کے لئے معاملہ پولیس کو بھیج دیا ہے۔
نئی دہلی کے ضلع الیکشن افسر کی طرف سے دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کو پیش کی گئی کارروائی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ روزگار کیمپ لگانے اور 1100 روپے تقسیم کرنے کے الزامات کی تحقیقات کریں۔ عوامی نمائندگی ایکٹ کے مطابق کارروائی کی جائے۔کمیشن نے کہا ہے کہ اگر شکایت درست پائی گئی تو ورما کے خلاف آر پی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔