راہل گاندھی کے ووٹ چوری کا دعویٰ انڈیا ٹوڈے کے فیکٹ چیک میں سچ ثابت ہوا

  ’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنے فیکٹ چیک میں پایا کہ بنگلورو کے مُنی ریڈی گارڈن میں ہاؤس نمبر 35 میں 80 ووٹرس ہیں

 نئی دہلی ،08اگست :۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے  رہنما اورکانگریس لیڈر راہل گاندھی نے گزشتہ دنوں   7 اگست کو ایک انتہائی اہم پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سامنے کچھ سوالات اٹھائے ۔ اس دوران انہوں نے مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کے ذریعہ ملکر ووٹ چوری کا الزام عائد کیا۔یہ انتہائی حساس اور سنگین الزام ہے جس پر الیکشن کمیشن کو جواب دینا ہے ۔ دریں اثنا راہل گاندھی کے دعوے کا معروف میڈیا گروپ انڈیا ٹوڈے نے فیکٹ چیک کیا تو راہل گاندھی کا دعویٰ سچ ثابت ہوا۔

 در اصل راہل گاندھی نے ’ووٹ چوری‘ کے جو 5 طریقے گزشتہ روز بتائے تھے، ان میں سے ایک طریقہ تھا ایک ہی پتہ پر کئی سارے ووٹرس کا رجسٹریشن۔ بنگلورو کے مُنی ریڈی گارڈن واقع ہاؤس نمبر 35 کے بارے میں انھوں نے دعویٰ کہ وہاں 80 ووٹرس رجسٹر ہیں، لیکن ان میں سے کوئی وہاں موجود نہیں۔ پریس کانفرنس میں ہاؤس نمبر 35 کا ذکر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’ایک کمرے کا گھر ہے۔ 80 ووٹرس رہ رہے ہیں اس میں۔ الگ الگ نام، الگ الگ خاندان۔ جب ہم وہاں جاتے ہیں تو ہمیں بتایا جاتا ہے کہ 80 لوگ نہیں رہتے یہاں، انھیں کوئی نہیں جانتا۔‘‘

 مشہور انگریزی روزنامہ ’انڈیا ٹوڈے‘ نے راہل گاندھی کے اس دعویٰ کی حقیقت جاننے کے لیے ’فیکٹ چیک‘ کیا اور ان ثبوتوں کی جب جانچ ہوئی تو کانگریس لیڈر کی کہی ہوئی بات سچ ثابت ہوئی۔ ’انڈیا ٹوڈے‘ کی ٹیم نے ہاؤس نمبر 35 پہنچ کر تحقیقات کی اور اس کی ویڈیو رپورٹ بنائی۔ یہ ویڈیو کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ثبوت دے کر بتایا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کس طرح ووٹ کی چوری کر رہے ہیں۔ اب ’انڈیا ٹوڈے‘ نے ان ثبوتون کی جانچ کی اور اسے درست پایا۔ بنگلورو کے مُنی ریڈی گارڈن میں ہاؤس نمبر 35 میں 80 ووٹرس ہیں۔‘‘اس پوسٹ میں یہ جانکاری بھی دی گئی ہے کہ ’’یہ ایک کمرے کا مکان ہے، جس کا مالک بی جے پی سے منسلک ہے۔ یہ (انڈیا ٹوڈے کی) رپورٹ ثابت کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کی شہ پر ووٹ چوری کروا رہا ہے اور اسی بنیاد پر نریندر مودی وزیر اعظم بنے ہیں۔‘‘