رام مندر ٹرسٹ میں مرکز کے نمائندے رہے گیانیش کمار بنے ملک کے نئے چیف الیکشن کمشنر

  راہل گاندھی نے مخالفت کی  ،وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو خط لکھ کر اعتراض کیا

 

نئی دہلی ،18 فروری :۔

نئے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنر آف انڈیا کا تقرر کیا گیا ہے۔ وزارت قانون نے پیر کی رات دیر گئے ایک گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی کہ صدر دروپدی مرمو نے گیانیش کمار کو چیف الیکشن کمشنر اور ہریانہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر وویک جوشی کو الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے۔

گیانیش کمار نئے قانون کے تحت تعینات ہونے والے پہلے سی ای سی بن گئے ہیں۔ وہ راجیو کمار کی جگہ لیں گے، جو 18 فروری کو عہدے سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔

یہ تقرری وزیر اعظم کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس کے چند گھنٹے بعد کی گئی۔ گیانیش کمار کی میعاد 26 جنوری 2029 تک رہے گی۔ اس بات کا پورا امکان ہے کہ گیانیش کمار اگلے لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کے بعد ہی اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کی تقرری پر اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ کو اختلافی نوٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت اور انتخابی عمل کی شفافیت کے لیے خطرناک ہے۔

راہل گاندھی نے اختلافی نوٹ میں واضح طور پر لکھا، ’’ایک آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کی سب سے بنیادی شرط یہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کمشنروں کی تقرری کا عمل کسی بھی حکومتی مداخلت سے آزاد ہو۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کو نظرانداز کرتے ہوئے مودی حکومت نے کمیٹی سے چیف جسٹس آف انڈیا کو خارج کر دیا ہے، جس سے لاکھوں ووٹرز کے ذہنوں میں انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔‘‘

گیانیش کمار کون ہیں؟

گیانیش کمار کیرالہ کیڈر کے 1988 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ 27 جنوری 1964 کو آگرہ، اتر پردیش میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کوئینز کالج، وارانسی اور کیلون تالکیدار کالج، لکھنؤ سے کی۔

انہوں نے IIT کانپور سے سول انجینئرنگ میں B.Tech، ICFAI سے بزنس فنانس میں پوسٹ گریجویشن اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ماحولیاتی معاشیات میں پوسٹ گریجویشن کیا۔

وہ ایرناکولم کے اسسٹنٹ کلکٹر، اڈور کے ڈپٹی کلکٹر، کیرالہ اسٹیٹ شیڈول کاسٹ اینڈ شیڈیولڈ ٹرائب ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، کیرالہ میں کوچین میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنر رہ چکے ہیں۔ وہ کئی دیگر عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

حکومت ہند میں انہوں نے وزارت دفاع میں جوائنٹ سکریٹری، وزارت داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری اور ایڈیشنل سکریٹری، وزارت پارلیمانی امور میں سکریٹری اور وزارت تعاون میں سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔

وہ 31 جنوری 2024 کو حکومت ہند کے کوآپریٹو سکریٹری کے طور پر ریٹائر ہوئے اور 14 مارچ 2024 کو الیکشن کمیشن آف انڈیا میں الیکشن کمشنر کے طور پر مقرر ہوئے۔

اس  کے علاوہ گیانیش کمار ایودھیا رام مندر کی تعمیر کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں، جس کے چیئرمین سابق آئی اے ایس نریپیندر مشرا ہیں۔ انہیں مرکزی حکومت نے شری رام مندر تیرتھ چھیتر ٹرسٹ میں اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا۔