راحت اندوری کے انتقال پر متعدد سیاسی رہنماؤں نے اظہار تعزیت کیا
راحت صاحب کو پیر کے روز اندور کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے اردو کے نامور شاعر راحت اندوری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
راحت اندوری (1950-2020) اردو دنیا کی ممتاز شخصیت تھے جن کے مداح پوری دنیا میں موجود ہیں۔ انھیں پیر کے روز اندور کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا۔ اس سے قبل ان کی کووڈ 19 کی جانچ مثبت پائی گئی تھی جس کے لیے وہ زیر علاج تھے۔
وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان نے ہندی میں ایک ٹویٹ کرکے راحت اندوری کی موت کو ملک اور مدھیہ پردیش کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا، انھوں نے لکھا کہ اندوری نے اپنی اردو شاعری سے کروڑوں لوگوں کے دلوں پر راج کیا۔ ’’میں خدا سے دعا گو ہوں کہ مرحوم کی روح کو سکون ملے اور ان کے اہل خانہ اور مداحوں کو اس نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت ملے۔‘‘
سابق وزیر اعلی اور کانگریس رہنما کمل ناتھ نے ہندی میں ایک ٹویٹ کرکے کہا ’’اندوری ہمیشہ سماجی ہم آہنگی کی حمایت کرتے تھے۔”ان کی غیر معمولی اردو شاعری سے ان کا آبائی شہر اندور پورے ملک میں مشہور ہوا۔ صبح مجھے ان کی صحت خراب ہونے کی خبر ملی اور ہم سب نے ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔ یہ بات ناقابل یقین ہے کہ وہ ہمیں اتنی جلدی چھوڑ گئے۔‘‘
کانگریس کے اہم رہنما دگ وجیہ سنگھ نے راحت اندوری کو قومی اتحاد کی علامت قرار دیا۔’’راحت اندوری انتقال سے ملک نے ایک بڑے شاعرکو کھو دیا ہے۔ وہ قومی یکجہتی کی علامت تھے۔ ‘‘ انھوں نے لکھا۔ ’’ ہم خدا سے دعا کرتے ہیں کہ انھیں جنت میں جگہ دے۔‘‘
بی جے پی کے جنرل سکریٹری انچارج ، مغربی بنگال ، کیلاش وجئے ورگیا نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’یہ ایک بہت ہی تکلیف دہ خبر ہے کہ میرے دوست جنھوں ے ملک اور دنیا میں اندور کی ایک شناخت قائم کی ، چل بسے۔ ان کے مداح بڑی تعداد میں ہیں۔ ‘‘