راجستھان :کوٹہ میں عازمین حج کو لے جانے والی پرائیویٹ بس پر شر پسندوں کا حملہ، 6گرفتار
نئی دہلی ،25مئی :۔
راجستھان کے کوٹہ شہر کے کنہاڑی تھانہ علاقے کے بنڈی روڈ پر رات دیر گئے شرپسندوں نے دو بسوں میں توڑ پھوڑ کی اور ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں روڈ ویز سمیت دو بسوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اس واقعے میں بس میں سوار کئی مسافر زخمی بھی ہوئے۔ جنہیں ایمبولینس کی مدد سے علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ یہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 شرپسندوں کو گرفتار کرلیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
سٹی نیوز راجستھان کی رپورٹ کے مطابق، بس کوٹہ سے مقدس حج پر جانے والے عازمین حج کو پہنچانے کے لیے جے پور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ جیسے ہی پرائیویٹ ٹریول کی بس بنڈی روڈ پر مینل ہوٹل کے سامنے سے گزری، اسی دوران کوٹہ سے جودھ پور جانے والی روڈ ویز کی بس بھی وہاں سے گزر رہی تھی۔ اس دوران ایک درجن شرپسندوں نے دونوں بسوں پر حملہ کر دیا۔ بس میں توڑ پھوڑ کی گئی جس سے دونوں بسوں میں بیٹھے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ توڑ پھوڑ سے بس میں بیٹھے کچھ مسافر زخمی بھی ہوئے۔
اس اچانک حملے سے حج پر جانے والے عازمین میں افرا تفری مچ گئی۔ عازمین حج اور ان کے رشتہ دار نجی بس میں سفر کر رہے تھے۔ شرپسندوں نے بس میں گھسنے کی کوشش بھی کی۔ روڈ ویز کے آپریٹر پر حملہ کیا گیا۔ جس سے علاقے میں کہرام مچ گیا، لوگوں کی بڑی بھیڑ موقع پر جمع ہو گئی۔اطلاع ملنے پر پولیس افسر رات دیر گئے موقع پر پہنچے اور حالات کو سنبھالا۔ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی بدمعاش موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے 108 کی مدد سے تمام زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور سڑک پر ٹریفک کو بحال کرایا۔
کنہاڑی پولیس اسٹیشن کے افسر گنگاسہائے شرما نے بتایا کہ حملہ آور شراب کے نشے میں تھے۔ نامعلوم شرپسندوں کے خلاف شکایت موصول ہوئی، فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شرپسندوں کی نشاندہی کی، جس کی بنیاد پر 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔