راجستھان: چوری کے الزام میں مسلم نوجوان کی مابلنچنگ ، علاقے میں کشیدگی کا ماحول

نئی دہلی ،یکم نومبر :۔

راجستھان  میں ایک بار پھر ہجومی تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک مسلم نوجوان کو چوری کے الزام میں پیٹ پیٹ کر بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔اس قتل کے بعد علاقے میں کشیدگی  کا ماحول ہے۔

رپورٹ کے مطابق راجستھان کے جھنجھنو ضلع میں ایک مسلم نوجوان کو ایک ہندو خاندان نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔یہ واقعہ گزشتہ 21  اکتوبر کا بتایا جا رہا ہے ۔ہندو خاندان کا الزام ہے کہ زاہد نامی  مسلم نوجوان  رات کو ان کے گھر میں برے ارادوں سے گھسنے کی کوشش کر رہا تھا جس کے بعد لڑائی ہو گئی۔

اس واقعہ میں مقتول زاہد کے بھائی توفیق نے گھر کے تین افراد کے خلاف قتل کا الزام لگا کر مقدمہ درج کرایا ہے۔ توفیق کا کہنا ہے کہ زاہد کو گھر میں بلا کر مارا پیٹا گیا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ نوجوان کو تشویشناک حالت میں جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

واقعہ کے بعد پولیس کو جھنجھنو کے مکند گڑھ تھانہ علاقے کے بلریا گرام پنچایت کے واشرمین کے شیڈ سے زاہد کی لاش ملی۔ لاش ملنے کے بعد معاملہ کشیدہ ہوگیا اور متوفی کے لواحقین نے لاش لینے سے انکار کردیا۔ دو گھنٹے کی مشاورت کے بعد پولیس نے لاش کو اسپتال کے مردہ خانے میں رکھوا دیا۔ مقتول کے اہل خانہ نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نوالگڑھ سی آئی جئے سنگھ نے اہل خانہ سے معلومات لی لیکن کشیدہ صورتحال کے باعث وہاں کافی بھیڑ جمع ہوگئی۔ نوال گڑھ کے ڈی ایس پی راجویر سنگھ نے اہل خانہ اور گاؤں والوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی، لیکن معاملہ ٹھنڈا نہیں ہو سکا۔

مقتول زاہد کے بھائی توفیق نے 25 اکتوبر کو رپورٹ میں بتایا کہ 21 اکتوبر کی رات کچھ لوگ زاہد کو کیمپر کار میں اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ توفیق نے الزام لگایا کہ رات 12 بجے اس کے والد کو فون کیا گیا اور زاہد کے مقام کی اطلاع دی اور اسے وہاں سے لے جانے کو کہا۔ والد موقع پر پہنچے تو گاڑی میں تین افراد سوار تھے جن میں سے دو کو وہ پہلے سے جانتا تھا۔

دوسری جانب تھانہ نوال گڑھ کی ایک خاتون نے زاہد کے خلاف 24 اکتوبر کو شکایت درج کرائی، جس میں اس نے الزام لگایا کہ 21 اکتوبر کی رات زاہد غلط ارادے سے اس کے گھر میں داخل ہوا اور اس کے اور اس کی بیٹی کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔ خاتون کے مطابق اس کا شوہر ممبئی میں کام کرتا ہے اور اس کا بیٹا فوج  کی تیاری کر رہا ہے۔ خاتون کا الزام ہے کہ زاہد نے اس کے اور اس کی بیٹی کے ساتھ نامناسب سلوک کرنے کی کوشش کی۔ اس معاملے میں دونوں طرف سے بیانات موصول ہونے کے بعد پولس تفتیش کر رہی ہے۔