راجستھان میں شر پسندوں نے چوری کے شبہ میں دلت نوجوان کو درخت سے لٹکا کر پیٹا، 3 گرفتار
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی،موٹر سائیکل کے چوری کے شبہ میں دبنگوں نے پیٹائی کی
نئی دہلی ،13 جنوری :۔
راجستھان کے باڑمیر ضلع کے گڈاملانی میں ایک دلت شخص کو غنڈوں کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر درخت سے الٹا لٹکائے جانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ پولیس نے اب اس معاملے میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
باڑمیر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نریندر سنگھ نے بتایا کہ جمعہ کو شرون کمار میگھوال (25) کو اس کے پڑوسی ایشرا رام کلبی اور دیگر نے موٹرسائیکل چوری کے شبہ میں مارا پیٹا ۔وائرل ویڈیو میں ملزم شر ون کمار میگھوال کو الٹا لٹکا کر مارتا نظر آرہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ کھڑے لوگ اس واقعہ کی ویڈیو بھی بنا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ کو چوری کا الزام لگا کر مارا پیٹا گیا۔
اس معاملے میں باڑمیر پولیس نے کہا ہے کہ متاثرہ شر ون میگھوال پر پہلے ریپ (POCSO) اور موٹرسائیکل کی چوری سمیت دیگر نوعیت کے کیس درج ہیں۔ دوسری جانب میگھوال برادری کے کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ان معاملات کی تردید کی ہے۔
متاثرہ کی جانب سے موصول ہونے والے بیانات میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے شراون میگھوال کو چور اور ریپسٹ کہا اور اسے رسیوں سے درخت سے الٹا لٹکا کر وحشیانہ تشدد کیا۔ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد نگینہ ایم پی اور آزاد سماج پارٹی کے صدر چندر شیکھر آزاد نے ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے ٹویٹر پر لکھا، "راجستھان کے باڑمیر ضلع کے گڈاملانی تھانہ علاقے کے بھکھر پورہ گاؤں میں ایک دلت نوجوان کے ساتھ پیش آنے والے اس غیر انسانی واقعے نے ریاست میں امن و امان کی صورت حال پر گہرے سوالات اٹھائے ہیں۔ نوجوان کو جس طرح بے دردی سے اس کے ہاتھ پیر باندھ کر مارا پیٹا گیا، اسے درخت سے الٹا لٹکایا گیا، وہ نہ صرف انسانیت کے لیے شرمناک ہے، بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ دلتوں پر مظالم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
متاثرہ شراون میگھوال کے والد منگدارم نے اس واقعہ پر پولیس میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ اس نے بتایا کہ اس کے بیٹے شراون کا 10-15 دن پہلے بھکھر پورہ گاؤں میں کچھ لوگوں سے جھگڑا ہوا تھا۔ اس نے بتایا کہ ملزم 10 تاریخ کو بیٹے کو گھر بلانے آیا تھا۔ ملزمان کا کہنا تھا کہ ان کے گھر میں چوری ہوئی، جہاں ان کے بیٹے کے پاؤں کے نشانات ملے۔ اس کے بعد ملزم اس کے بیٹے کو لے گیا، اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر درخت سے لٹکا دیا اور اس کی پٹائی کی۔