راجستھان: معطل مسلم اساتذہ کی بحالی کے لیے طلبہ  نے ایس ڈی ایم کو دیامیمورنڈم

نئی دہلی ،28 فروری :۔

راجستھان کے ضلع کوٹہ میں تبدیلی مذہب کا الزام لگا کر دو مسلم اساتذہ کی معطلی کا معاملہ اب طول پکڑتا جا رہا ہے۔ہندو شدت پسندوں کی جانب سے بے بنیاد شکایات کے بعد وزیر اتعلیم کے ذریعہ کی گئی معطلی کی کارروائی کے خلاف اسکول کے طلبا پہلے احتجاج کر رہے ہیں اور بے بنیاد معاملے پر اساتذہ کی معطلی کو غلط قرار دے رہے ہیں ۔اب طلبا نے ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے اپنی فریاد لے کر ایس ڈی ایم آفس پہنچ گئے ہیں ۔طالبات نے باقاعدہ ایس ڈی ایم سے گروپ میں ملاقات کی اور انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔ان اساتذہ کے خلاف کی گئی شکایت کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے معطلی کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور ایک میمو رینڈم بھی سونپا۔

خیال رہے کہ ریاستی وزیر تعلیم دلاور نے یہ کارروائی ہندوتوا تنظیموں کے دباؤ میں کی ہے۔ جبکہ طلبہ کی جانب سے اس اقدام کی مخالفت کی جارہی ہے۔اسی سلسلے میں پیر کو کھجوری اسکول کے بچوں نے معطل اساتذہ کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسکول سے سنگوڈ ایس ڈی ایم آفس تک مارچ کیا۔ ایس ڈی ایم آفس پہنچ کر بچوں نے تحصیلدار کو میمورنڈم سونپا۔

میمورنڈم میں بچوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہم تمام معطل اساتذہ کو واپس چاہتے ہیں۔ ہمارے اساتذہ کے خلاف جھوٹے بیان دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

طالب علموں نے الزام لگایا کہ سریش گوڑ، دین بندھو گوڑ، نند کشور گاؤچر، چندو گوڑ، سرپنچ مہاویر سنگھ، مہاویر سمن، جودھراج نگر، چندرکلا گوڑ، جیوتی گوچر، یش گوچر، تشار چوپدار، انکش چوپدار، ہمانشو گوچر، کسنت گوڑ، انیتا گوڑ وغیرہ کاہمارے سر اور استاد کو پھنسانے میں  سب کا ہاتھ ہے۔

اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے جس میں باقاعدہ ایک طالبہ ایس ڈی ایم سے کہتی ہے کہ تبدیلی مذہب کا الزام بے بنیاد ہے ۔ایسا ہمارے ساتھ کچھ بھی نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس معاملے کے تحت شکایت کی گئی اس لڑکی نے بھی ویڈیو بنا کر باقاعدہ اس الزام کو جھوٹا قرار دیا ہے۔طالبہ نے ایس ڈی ایم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوک ایک ساتھ مل کر پڑھتے ہیں ،کھیلتے ہیں، کھاتے ہیں ،ہمیں کوئی دقت اور پریشانی نہیں ہے اور نہ ہی اساتذہ نے اس طرح کی کوئی بات کی ہے ۔ایس ڈی ایم نے طالبہ کی بات پر کہا کہ شکایت کے بعد کارروائی ہوئی ہے ،اس کا ایک پروسس ہے ،جانچ ہوگی  اس کے بعد ہی کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔

ایس ڈی ایم کو میمو رینڈم دے کرطلباء نے مطالبہ کیا ہے کہ جن لوگوں نے اساتذہ کے خلاف جھوٹی شکایت کی ہےان تمام کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کی جائے۔ بچوں نے تحصیلدار سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے سر فیروز خان، مرزا مجاہد، شبانہ میڈم کو جلد از جلد واپس لایا جائے۔ ان کے خلاف تمام جھوٹے الزامات کو ختم کیا جائے۔