راجستھان: بی جے پی کے نو منتخب رکن اسمبلی ٹشن میں، خاتون افسر کو دی دھمکی، ویڈیو وائرل
جے پور،25دسمبر :۔
راجستھان میں بی جے پی سے جیتے ممبران اسمبلی حکومت کی تشکیل سے پہلے ہی اپنا رنگ دکھانے لگے تھے ،اب حکومت بن جانے کے بعد ان کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں اور اتنے ٹشن میں ہیں کہ کسی سرکاری افسر کو بھی اپنے سامنے کچھ نہیں سمجھ رہے ہیں۔ بھیلواڑہ کے شاہ پورہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی لالہ رام بیروا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ پچھلے دو دنوں سے وائرل اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اپنی جیت کے زعم میں ممبر اسمبلی کس طرح ایک خاتون افسر کے ساتھ بد سلوکی کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رکن اسمبلی لالہ رام بیروا ایک خاتون سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) کو دھمکی آمیز لہجے میں وارننگ دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ شاہ پورہ اسمبلی حلقہ میں واقع بانیڑا کی ایس ڈی او نیہا چھیپا کے ساتھ ایم ایل اے کی بحث کی یہ ویڈیو بی جے پی کی ’وکاس بھارت سنکلپ‘ یاترا کے کیمپ کے دوران شوٹ کی گئی تھی۔
راجستھان ایڈمنسٹریٹو سروس کونسل نے وزیر اعلی بھجن لال شرما کو ایک خط لکھ کر ایم ایل اے پر خاتون ایس ڈی او کے ساتھ بدسلوکی کا الزام لگایا ہے۔ بانیڑا علاقے میں غیر قانونی بھٹی کی تنصیب کے سلسلے میں کیمپ میں عوامی سماعت کے دوران ایم ایل اے بیروا نے ایس ڈی او چھیپا سے کہا، ’’آپ کو نوکری میں تکلیف ہو جائے گی، نئی نوکری ہے۔‘‘
وائرل ویڈیو میں ایم ایل اے تحصیلدار سے پوچھ رہے ہیں، "تحصیلدار جی، جب وہ بھٹی لگائی گئی تھی تو کیا آپ نے اجازت دی تھی؟ پھر آپ نوٹس کیوں دے رہے ہیں؟” ایس ڈی او نیہا چھیپا کا کہنا ہے، ’’میں حکومت کے مقرر کردہ اصولوں کے مطابق کارروائی کر سکتی ہوں۔‘‘
اس کے بعد ایم ایل اے بیروا کہتے ہیں، ’’کوئی نوٹس نہیں، اگر کل تک ان غیر قانونی بھٹیوں کو نہیں ہٹایا گیا تو میں ایس ڈی او آفس کے سامنے احتجاج کروں گا۔ آپ اس بات کو ذہن میں رکھیں، آپ ان غیر قانونی بھٹیوں کو فوری طور پر ہٹا دیں۔ میں کل شام پھر آپ سے ملاقات کروں گا۔‘‘
افسروں کو کھلے عام تنبیہ کرتے ہوئے ایم ایل اے نے کہا، ’’کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، اگر یہاں کوئی افسر ہے، اگر میرے فون کے بعد بھی آپ نے کام نہیں کیا اور مجھے اس کام کے لیے دوبارہ فون کرنا پڑا، تو آپ کئی دوسرا مقام تلاش کر لینا۔ ، ایمانداری سے کام کرنا چاہتے ہیں تو ہی شاہ پورہ اسمبلی میں رہیں۔‘‘
بی بی سی ہندی کی رپورٹ کے مطابق، اس معاملے پر ایم ایل اے لالہ رام بیروا نے کہا، ’’اس دوران کہا گیا کہ نئی نئی نوکری ہے، آپ کسی کے دباؤ میں کیوں کام کر رہے ہیں، یہاں کی حکومت بدل چکی ہے اور آپ پرانی ذہنیت کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
سی ایم سے کی گئی شکایت پر ایم ایل اے نے کہا ’’اس میں کیا بدسلوکی ہے، میں نے صرف اتنا کہا کہ آپ کی نوکری نئی ہے، آپ کسی کے دباؤ میں آ کر کام نہ کریں اور جو صحیح ہے وہ کریں۔ جب میں نے ان سے تجاوزات کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔