راجستھان اور گجرات میں المناک حادثوں پر جماعت اسلامی ہند کا اظہار  افسوس

نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے ملک میں لگاتار اس قسم کے سانحات  پر تشویش  کااظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی ،09 جولائی :۔

حالیہ دنوں میں وطن عزیز میں سلسلہ وار متعدد المناک سانحات رونما ہو رہے ہیں جس میں انسانی جانوں کا ضیا انتہائی تکلیف دہ ہے۔خاص طور پر گجرات ریاست میں ایئر انڈیا کا المناک حادثہ ابھی لوگ بھولے بھی نہیں ہیں کہ پھر ایک بار گجرات کے وڈودرہ میں ایک پل کے انہدامی حادثے میں متعدد افراد کی ہلاکت نے ہلاکر رکھ دیا ہے ۔معروف ملی تنظیم جماعت اسلامی ہند نے لگا تار ہورہے ان سانحات اور حادثات پر اظہار رنج کیا ہے ۔

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر  سلیم انجینئر نے میڈیا میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک ہی دن میں راجستھان میں بھارتی فضائیہ کے طیارے کے کریش ہونے اور گجرات میں پل کے ٹوٹنے کی خبر انتہائی تکلیف دہ اور المناک ہے۔ راجستھان کے چورو ضلع میں ہندوستانی فضائیہ کا جیگوار لڑاکا طیارہ کریش ہوگیا جبکہ گجرات کے سریندر نگر ضلع میں بریج کے ٹوٹنے سے کم از کم دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ہم سبھی متاثرین کے اہل خانہ اور متعلقین سے تعزیت اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ  ملک میں لگاتار اس قسم کے سانحات کا ہونا انتہائی تشویشناک ہے اور پبلک انفراسٹرکچر اور تحفظ کے نظام کی کمزوریوں کی علامت ہے ۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان دونوں حادثات کی شفاف اور مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔ ایسے دردناک واقعات دوبارہ نہ ہوں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط اقدامات اور ٹھوس احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔